پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عرفان پربھنوی کی غزلیں — Irfan Parbhanvi Ghazals

عرفان پربھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہمدرد تیرے جیسا نہیں کوئی یہاں اور (غزل)

ہمدرد تیرے جیسا نہیں کوئی یہاں اور

اٹھ جائیں تیرے در سے تو ہم جائیں کہاں اور

روداد چمن دونوں سناتے تو ہیں لیکن

کانٹوں کا بیاں اور ہے پھولوں کا بیاں اور

شاید مرے قاتل کو یہ معلوم نہیں ہے

دھل کر چمک اٹھیں گے مرے خوں کے نشاں اور

اب جا کے کھلا وہ بھی ہے اک پیاس کا صحرا

تھا پہلے سمندر کے تعلق سے گماں اور

سنتے تھے کہ حق گوئی کے انعام بڑے ہیں

دیکھا ہے مری آنکھوں نے عرفانؔ سماں اور

ہوش جس وقت بھی آئے گا گرفتاروں کو (غزل)

ہوش جس وقت بھی آئے گا گرفتاروں کو

خس کی مانند اڑا ڈالیں گے دیواروں کو

زندگی کرنی ہے تم کو تو تڑپنا سیکھو

زنگ لگ جاتا ہے رکھی ہوئی تلواروں کو

زخم سینے پہ کسی کے نہیں آیا اب تک

آزمایا ہے بہت قوم کے سرداروں کو

اتنے اونچے بھی نہ اٹھو کہ سنبھل بھی نہ سکو

ہم نے گرتے ہوئے دیکھا کئی میناروں کو

بزدلی ہے کہ یہ نادانی ہے آخر کیا ہے

لوگ اشکوں سے بجھانے لگے انگاروں کو

وہی رشوت وہی اغوا وہی خبریں عرفاںؔ

ہم تو بن دیکھے ہی پڑھ لیتے ہیں اخباروں کو

مزید غزلیں از عرفان پربھنوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں