پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عرفان صادق کی غزلیں — Irfan Sadiq Ghazals

عرفان صادق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بجھے دیے کو بھی جھک کر سلام کرتا ہوں (غزل)

بجھے دیے کو بھی جھک کر سلام کرتا ہوں

میں روشنی کا بڑا احترام کرتا ہوں

کبھی کبھی تو مری خامشی سلگتی ہے

کبھی کبھی تو میں خود سے کلام کرتا ہوں

درود پڑھتا ہوں دن بھر کسی کی فرقت میں

کسی کی آنکھ میں شب بھر قیام کرتا ہوں

شب فراق تو اتنی بھی مضمحل کیوں ہے

تجھے قبول بصد احترام کرتا ہوں

ضروری بات تو یہ ہے کہ تو ضروری ہے

اسی پہ گفتگو ساری تمام کرتا ہوں

کسی چراغ کو کرتا ہوں آنکھ میں روشن

کسی خیال کی لو سے کلام کرتا ہوں

اسے تو فکر ذرا بھی نہیں رہی میری

میں جس کے زعم میں نیندیں حرام کرتا ہوں

یہی خرابی ہے عرفانؔ میری فطرت میں

وفا کے سارے حوالوں کو عام کرتا ہو

وہ آنکھیں ہی نہیں جن کا کنارا نم نہیں ہوتا (غزل)

وہ آنکھیں ہی نہیں جن کا کنارا نم نہیں ہوتا

وہ دل دل ہی نہیں جس کا مقدر غم نہیں ہوتا

بہاروں میں اجڑ جاتی ہیں پھولوں سے بھری بیلیں

جھلس کر راکھ ہونے کا کوئی موسم نہیں ہوتا

بچھڑنے کی شرائط بھی اگر طے مل کے کر لیتے

تجھے بھی غم نہیں ہوتا مجھے بھی غم نہیں ہوتا

ہمیں اب روشنی کی اور ہی تفہیم کرنی ہے

چراغوں کو جلانے سے اندھیرا کم نہیں ہوتا

یہ راز عشق ہے اس کی روایت ہے یہی صاحب

بھڑک اٹھے جو یہ شعلہ تو پھر مدھم نہیں ہوتا

مزید غزلیں از عرفان صادق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں