عرفان نجمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اے کاش ایک دن خود سے ہو گفتگو (غزل)
اے کاش ایک دن خود سے ہو گفتگو
مدت سے ہے مجھے اپنی ہی جستجو
خطرے میں پڑ گئی اب دل کی آبرو
اک دھند کرب کی چھائی ہے چار سو
سب ختم کر دئے جس سے تعلقات
کرتا ہے رات دن وہ میری گفتگو
میرے قریب تم آنا نہ بھول کر
جھلسا نہ دے تمہیں میرے بدن کی لو
جس سے بھی بات کی اس کو لگائے زخم
پھر بھی نہ ہو سکا میرا کوئی عدو
اک آبلہ قدم گزرا ہے شاید آج
زخمی ہیں راستے پتھر لہو لہو
للکار کر مجھے میدان جنگ سے
پیچھے وہ ہٹ گیا آیا نہ دو بدو
کتنا عجیب یہ میرا تضاد ہے
ٹھنڈا مزاج ہے اور گرم ہے لہو
ہو کر نہ بے جھجک راہوں میں گھومنا
پھرتے ہیں دن میں بھی آسیب کو بہ کو
نجمیؔ کے قلب کا عالم عجیب ہے
شہر حیات میں مرنے کی آرزو
مزید غزلیں از عرفان نجمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں