پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عرفان مانپوری کی غزلیں — Irfan Manpuri Ghazals

عرفان مانپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اتنے زمانے بھر کے ستم دیکھتے رہے (غزل)

اتنے زمانے بھر کے ستم دیکھتے رہے

پھر بھی خدا کا سب پہ کرم دیکھتے رہے

گھر کو ہمارے سامنے لوٹا گیا مگر

مورت بنے کھڑے ہوئے ہم دیکھتے رہے

مٹی کا اک کھلونا جو بچے سے گر گیا

تب سے ہم اس کی آنکھوں کو نم دیکھتے رہے

دیکھا نہ ہوگا چاند کسی نے قریب سے

تھا روبرو خدا کی قسم دیکھتے رہے

اب تک کسی بھی چہرے پہ ٹھہری نہیں نظر

عرفانؔ کیا تھا تجھ میں جو ہم دیکھتے رہے

تڑپتے دل کی کشتی مفلسی میں ڈوب جائے گی (غزل)

تڑپتے دل کی کشتی مفلسی میں ڈوب جائے گی

محبت بن کے حسرت بے بسی میں ڈوب جائے گی

اسی امید پر سہتا رہا میں دھوپ کی یورش

کسی دن میری ہستی چاندنی میں ڈوب جائے گی

خدا کا شکر ہے بچے مرے تہذیب والے ہیں

یہ ڈر تھا نسل اپنی تیرگی میں ڈوب جائے گی

یہی آثار لگتا ہے نہ مل پائیں گے ہم دونوں

تمنا وصل کی غم کی ندی میں ڈوب جائے گی

کہاں تک داستان غم سنائیں آپ کو عرفانؔ

طبیعت آپ کی پھر بیکلی میں ڈوب جائے گی

مزید غزلیں از عرفان مانپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں