پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عرفان جعفری کی غزلیں — Irfan Jafari Ghazals

عرفان جعفری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں اس کی آنکھ میں آنسو نہ دیکھ پاؤں گا (غزل)

میں اس کی آنکھ میں آنسو نہ دیکھ پاؤں گا

وہ ایک بوند بھی رویا تو ڈوب جاؤں گا

بہار آئے تو شاید وہ بھول جائے مجھے

میں اپنے صحن میں پودا مگر لگاؤں گا

وہ جس کو زخم مرے یاد کرتے رہتے ہیں

اسی کو ڈھونڈ کے پھر زندگی میں لاؤں گا

وہ میری صبح کا سورج بنے بنے نہ بنے

میں اس کی شب میں ستاروں سا جگمگاؤں گا

اب اپنے آپ سے اک ضد سی ہو گئی ہے مجھے

میں زخم کھاؤں گا تڑپوں گا مسکراؤں گا

میں جس کی ذات سے کچھ معتبر سا لگتا ہوں

اسی کے حق میں دعاؤں کے در سجاؤں گا

مرا وجود عجب پتھروں کی زد پر ہے

اگر میں سر نہ جھکاؤں تو ٹوٹ جاؤں گا

میں جانتا ہوں تجھے میری شام یاد نہیں

میں انتظار کی شمعیں مگر جلاؤں گا

مری گرفت میں جگنو بھی آ نہیں پاتے

میں اس کے واسطے تارے کہاں سے لاؤں گا

بہت کٹھن ہے بکھرنے کا حوصلہ رکھنا (غزل)

بہت کٹھن ہے بکھرنے کا حوصلہ رکھنا

سبب تمہیں ہو مگر تم سے کیا گلہ رکھنا

نہ جانے کون سے موسم سے سابقہ پڑ جائے

ہمارے حق میں دعاؤں کا سلسلہ رکھنا

خدا کرے کہ اسے اپنی بات یاد رہے

گیا ہے کہہ کے مجھے اپنا در کھلا رکھنا

مرے بغیر رتوں کو وہ کیسے کاٹے گا

اسی خیال میں بس خود کو مبتلا رکھنا

یہ زندگی بڑی مشکل سے رام ہوتی ہے

کبھی ملے تو محبت سے رابطہ رکھنا

ترا سلوک ہو ایسا تو کیسے ممکن ہے

شہد زباں پہ تو لہجے میں شکریہ رکھنا

میں بے نیاز مجھے کیا غرض نتیجے سے

مرا تو کام ہے بس اپنا مدعا رکھنا

جہاں شکست ہو اور واپسی کی خواہش بھی

اس ایک پل کو مرے نام سے بچا رکھنا

سگریٹ (نظم)

سگریٹ

کبھی

بہت عزیز تھی

محبوب تھی

اور

ساتھ ہی

تم بھی

پھر دو حادثے

ایک دن ہی ہو گئے

چلی گئیں تم بھی

اور میں نے بھی سگریٹ چھوڑ دی

لیکن

اب بھی کبھی کبھی

کوئی کمی سی کھلتی ہے

نبض جب ڈوبنے سی لگتی ہے

جی چاہتا ہے ایسے میں

سگریٹ کے دھویں سے

دائرے بناؤں میں

کھوئے ہوئے پلوں کو زور سے پکاروں

اپنی طرف بلاؤں میں

مزید غزلیں از عرفان جعفری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں