عرفان اعظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تنگ نظری میں ہر اک دانا کی دانائی گئی (غزل)
تنگ نظری میں ہر اک دانا کی دانائی گئی
حادثوں کے شہر میں آنکھوں کی بینائی گئی
پھول کی خوشبو گئی شاخوں کی انگڑائی گئی
باغباں ایسے ملے گلشن کی رعنائی گئی
سیم و زر کی کوکھ میں پلتے رہے فتنے فساد
مفلسی ہر دور میں سولی پہ لٹکائی گئی
چھوٹی چھوٹی بات پہ ہونے لگیں خونریزیاں
حلم بندہ پروری شان شکیبائی گئی
میری سچائی پہ عادل کو نہ آئے گا یقین
اس عدالت میں بہت جھوٹی قسم کھائی گئی
جب نظر بدلی تو دل بھی ہو گیا کوتاہ بیں
درد کی وسعت گئی زخموں کی گہرائی گئی
جاگ اٹھے انسان کا سویا ہوا شاید ضمیر
صبح نو اس آرزو میں بار بار آئی گئی
قوم و ملت کے لیے عرفانؔ کیا کرتے جہاد
زر زمیں کے واسطے ساری توانائی گئی
چلتے چلتے ساتھی کوئی بچھڑا تو افسوس ہوا (غزل)
چلتے چلتے ساتھی کوئی بچھڑا تو افسوس ہوا
ہاتھوں سے جب ہاتھ کسی کا چھوٹا تو افسوس ہوا
کتنی ناؤ ڈبو کر ہم نے دریا کا رخ بدلا تھا
موڑ پہ آ کر سوکھ گیا جب دریا تو افسوس ہوا
دل کا کرب چھپانے کا فن مشکل ہے آسان نہیں
ہنستے ہنستے اس کو روتا دیکھا تو افسوس ہوا
یہ مت پوچھو ان سے کیا کیا امیدیں وابستہ تھیں
پتھر سے ٹکرا کے شیشہ ٹوٹا تو افسوس ہوا
دنیا کی بے راہروی پر پہروں سوچا کرتا تھا
آج ذرا اپنے بارے میں سوچا تو افسوس ہوا
دنیا کی موہوم فضا میں کیا کیا کچھ ہم بھول گئے
بھولے سے عرفانؔ کوئی یاد آیا تو افسوس ہوا