پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عرفان عابد کی غزلیں — Irfan Abid Ghazals

عرفان عابد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اپنے تو رہے اپنے اغیار نہیں کرتے (غزل)

اپنے تو رہے اپنے اغیار نہیں کرتے

ایسے تو محبت سے انکار نہیں کرتے

یہ کیسی محبت ہے ہر بات پہ کہتے ہو

جاؤ جی ہٹو جاؤ ہم پیار نہیں کرتے

مطلب کی محبت یہ تم کو ہی مبارک ہو

ہم پیار تو کرتے ہیں بیوپار نہیں کرتے

اک طرفہ محبت میں دن رات تڑپتے ہیں

جو لوگ محبت میں اظہار نہیں کرتے

کرتے ہیں محبت تو آتا ہے نبھانا بھی

ہم صرف محبت میں بیگار نہیں کرتے

قدرت نے انہیں عابدؔ کچھ ایسا بنایا ہے

جب گھر سے نکلتے ہیں شرنگار نہیں کرتے

تم سے بچھڑیں گے تو بولو نہ کدھر جائیں گے (غزل)

تم سے بچھڑیں گے تو بولو نہ کدھر جائیں گے

گھر بھی کاٹے گا اگر لوٹ کے گھر جائیں گے

توڑ کر رسم محبت کو اگر جائیں گے

خود زمانہ کی نگاہوں سے اتر جائیں گے

ہم کو تنہائی کے آداب سکھا دو ورنہ

ایک دو روز میں تنہائی سے مر جائیں گے

امتحاں تو نے کئی بار لیے ہیں ہم سے

کیا سمجھتا ہے ترے خوف سے ڈر جائیں گے

ناز تھا جن کی وفاؤں پہ ہمیں اے عابدؔ

کیا خبر تھی کہ محبت سے مکر جائیں گے

مزید غزلیں از عرفان عابد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں