پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اقتدار جاوید کی غزلیں — Iqtidar Javed Ghazals

اقتدار جاوید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہزار بار وہ بیٹھا ہزار بار اٹھا (غزل)

ہزار بار وہ بیٹھا ہزار بار اٹھا

بچا نہ شہر میں کچھ بھی تو چوب دار اٹھا

ازل سے راہ نوردی جو تھی وہ اب بھی ہے

ابھی چھٹا تھا ابھی راہ میں غبار اٹھا

نفس کے تار کی گرہیں کہ کائنات کے خم

سراب دل میں تھا صحرا کے آر پار اٹھا

خموشیوں کے تکلم کو پوجنے والا

وہی تھا بزم میں آخر گناہ گار اٹھا

وہ ساتھ تھا تو مقدس تھے میرے سارے حروف

بچھڑ گیا ہے تو لفظوں کا اعتبار اٹھا

میں سنتا رہتا ہوں نغمے کمال کے اندر (غزل)

میں سنتا رہتا ہوں نغمے کمال کے اندر

کئی صدائیں پرندوں میں ڈال کے اندر

جو واہمے مرا اندر اجاڑ سکتے ہیں

میں رکھ رہا ہوں انہیں بھی سنبھال کے اندر

تمام مسئلے نوعیت سوال کے ہیں

جواب ہوتے ہیں سارے سوال کے اندر

جگہ جگہ پہ کوئی تو ہزارہا نشتر

اتارتا ہے رگ احتمال کے اندر

طرح طرح کے گلاب آتشیں سلاخ کے ساتھ

نکال لاتا ہوں سوراخ ڈال کے اندر

یہ سلسلہ ذرا موقوف ہو تو دیکھوں گا

خیال اور ہیں کتنے خیال کے اندر

تڑپتے رہتے ہیں دل کے نواح میں جاویدؔ

بہت سے اژدہے جیبھیں نکال کے اندر

میں چیت کا پھول ہوں (نظم)

میں چیت کا پھول ہوں

اور

عاکف ہوں مٹی کے نیچے

یہ چلہ کشی ہے

کسی اور ہیئت میں ڈھلنے کی

چالیس راتوں کا چلا ہے

بھاری کناروں کا تلا ہے

دریا سے اڑتی ہوا

اپنی لہروں بھری شال پھیلائے

بوڑھا فلک تھوڑے آنسو بہائے

سیہ ابر پلکوں کی جھالر اٹھائے

چمکتی ہوئی دھوپ آخر میں آئے

مطلا بدن کو بچھائے

پہاڑوں کے قدموں سے

لمبے سمندر کی وسعت بھری سرحدوں تک!

زمیں اک بڑی سیپ ہے

بیچ بارش کا وحدانیت سے لبالب بھرا

ایک قطرہ ہے

جو سیپ میں گرتا ہے

اور موتی میں ڈھلتا ہے

حرفوں کے

کون ایسے جملے بناتا ہے

جملے میں

اک کوڈ کی طرح

معنی چھپاتا ہے

عشرے گزرتے ہیں

اک نسل آتی ہے

معنی کو

جملے کی زنجیر سے آ کے آزاد کرتی ہے

معنی بھرے چیت کا پھول ہے

چیت کے پھول کا

اور تری انگلیوں کا

ہزاروں برس کا پرانا تعلق ہے

اور معلق پڑا ہوں

کسی درمیانی زمانے میں

پہنچوں گا

برفیلے رستے سے ہوتا

خنک رت میں

خوشبو بھرے پھول کی میٹھی مٹھی

کی تحویل سے ہوتا

اپنے ابد سے

پرانے ٹھکانے میں!!

مزید غزلیں از اقتدار جاوید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں