پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اقرار مصطفے کی غزلیں — Iqraar Mustafa Ghazals

اقرار مصطفے کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بدلا مزاج میں نے جو اپنا ہوا کے ساتھ (غزل)

بدلا مزاج میں نے جو اپنا ہوا کے ساتھ

دریا تھا میرے ساتھ کنارا ہوا کے ساتھ

پھر یوں ہوا کہ خواب سرا میں ہوا چلی

پھر یوں ہوا کہ اڑ گیا سپنا ہوا کے ساتھ

میں بجھ گیا ہوں آپ کی صرف ایک پھونک سے

صدیوں لڑا ہوں ورنہ میں تنہا ہوا کے ساتھ

دنیا سے اختلاف ہے اس بات پر مجھے

جس سمت کی ہوا چلے دنیا ہوا کے ساتھ

تیرے بدن کو چھو کے گزرتی ہے کس لیے

بس اس پہ اختلاف ہے میرا ہوا کے ساتھ

منزل خلوص کی نہ مجھے آج تک ملی

اس راستے پہ کاش نہ چلتا ہوا کے ساتھ

اقرارؔ کیا کہوں کہ وہ خوشبو سا ایک شخص

چاروں طرف وہ اور بھی مہکا ہوا کے ساتھ

سر بریدہ کوئی لشکر نہیں دیکھا جاتا (غزل)

سر بریدہ کوئی لشکر نہیں دیکھا جاتا

ہم سے یہ ظلم کا منظر نہیں دیکھا جاتا

اپنی آنکھوں کو یہی کہہ کے سلا دیتا ہوں

اپنی اوقات سے بڑھ کر نہیں دیکھا جاتا

اپنے کاندھوں پہ اٹھا لیتے ہیں لاشہ اپنا

بوجھ اپنا کسی سر پر نہیں دیکھا جاتا

دیکھنے کو تو اسے بار نہیں ہے مجھ کو

بات یہ ہے کہ برابر نہیں دیکھا جاتا

لوٹنا ہو تو ان آنکھوں سے کنارا کر لو

ڈوبنا ہو تو سمندر نہیں دیکھا جاتا

آئنہ ہوں نہ چرا مجھ سے تو نظریں اپنی

دیکھ آئینے سے باہر نہیں دیکھا جاتا

ہم برے ہیں تو کوئی بات نہیں ہے اقرارؔ

ان سے تو کوئی سخن ور نہیں دیکھا جاتا

مزید غزلیں از اقرار مصطفے ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں