اقرا عنبر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اس نے من میں ہی کہا تھا میں تمہارے ساتھ ہوں (غزل)
اس نے من میں ہی کہا تھا میں تمہارے ساتھ ہوں
میں نے پھر بھی سن لیا تھا میں تمہارے ساتھ ہوں
آج دیکھا اس کو میں نے وہ کسی کے ساتھ تھا
کل جو مجھ سے کہہ رہا تھا میں تمہارے ساتھ ہوں
مشکلیں رستا بدل لیتیں ذرا سی بات پر
بس اسے یہ بولنا تھا میں تمہارے ساتھ ہوں
زخم تو بھرنے لگے تھے جسم کے سارے مگر
درد مجھ سے کہہ رہا تھا میں تمہارے ساتھ ہوں
تم نے بے شک مجھ کو دنیا سے چھپایا تھا مگر
آئنہ تو جانتا تھا میں تمہارے ساتھ ہوں
اک کنارے پر پڑی تھی لاش لا وارث کوئی
ایک کنارے پر لکھا تھا میں تمہارے ساتھ ہوں
جاگتی آنکھوں سے جس نے مجھ کو تنہا کر دیا
نیند میں وہ چیختا تھا میں تمہارے ساتھ ہوں
وہ جہاں بے قرار بیٹھے گا (غزل)
وہ جہاں بے قرار بیٹھے گا
دل وہاں بار بار بیٹھے گا
صبر آنکھوں میں آ کے بیٹھ گیا
اب کہاں انتظار بیٹھے گا
کیا پتہ قافلہ کہاں پہنچا
کیا پتہ کب غبار بیٹھے گا
جس طرح شرط وہ لگاتا ہے
زندگی اپنی ہار بیٹھے گا
اک طرف غم گسار بیٹھیں گے
اک طرف سوگوار بیٹھے گا