پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اقرا عافیہ کی غزلیں — Iqra Afiya Ghazals

اقرا عافیہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر اذیت سے گزارے ہوئے لوگ (غزل)

ہر اذیت سے گزارے ہوئے لوگ

ہم ترے ہجر کے مارے ہوئے لوگ

کتنی جلدی ہے اتارا دل سے

کتنی جلدی تمہیں پیارے ہوئے لوگ

راس آتی نہیں کوئی بھی شے

ہم ترے عشق پہ وارے ہوئے لوگ

کاش آ سکتے پلٹ کر پھر سے

ہائے وہ لوگ گزارے ہوئے لوگ

پھول بھی سوکھ گئے رستوں پہ

جانے کب آئیں پکارے ہوئے لوگ

کیا کوئی ہم کو ہراتا اقراؔ

ہم تو ہیں خود سے ہی ہارے ہوئے لوگ

ترا وعدہ تھا وعدہ رہ گیا ہے (غزل)

ترا وعدہ تھا وعدہ رہ گیا ہے

ہمارا صبر تکتا رہ گیا ہے

وہی ہے درد آنکھوں میں ابھی تک

جو تجھ سے عشق آدھا رہ گیا ہے

مرے وہ زخم سارے بھر گئے تھے

مگر دل پھر بھی ٹوٹا رہ گیا ہے

ادھورے خواب سارے مٹ گئے ہیں

تمہارا نام لکھا رہ گیا ہے

روانہ کب سے گاڑی ہو گئی ہے

ہمارا ہاتھ ہلتا رہ گیا ہے

مصور ٹھیک ہے تصویر ساری

مرا چہرا کیوں سادہ رہ گیا ہے

غزل اقراؔ مکمل ہو چکی ہے

مگر سر ہے کہ دکھتا رہ گیا ہے

لوگ بالکل پتنگ جیسے ہیں (نظم)

لوگ بالکل پتنگ جیسے ہیں

میں ذرا سی جو ڈھیل دیتی ہوں

سر سے اوپر ہی اڑنے لگتے ہیں

مزید غزلیں از اقرا عافیہ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں