پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اقبال عمر کی غزلیں — Iqbal Umar Ghazals

اقبال عمر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر بات جو نہ ہونا تھی ایسی ہوئی کہ بس (غزل)

ہر بات جو نہ ہونا تھی ایسی ہوئی کہ بس

کچھ اور چاہئے تجھے اے زندگی کہ بس

جو دن نہیں گزرنا تھے وہ بھی گزر گئے

دنیا ہے ہم ہیں اور ہے وہ بے بسی کہ بس

جن پر نثار نقد سکوں نقد جاں کیا

ان سے ملے تو ایسی ندامت ہوئی کہ بس

میں جس کو دیکھتا تھا اچٹتی نگاہ سے

ان کی نگاہ مجھ پہ کچھ ایسی پڑی کہ بس

منزل سمجھ کے دار پہ میں تو نہ رک سکا

خود مجھ سے میری زندگی کہتی رہی کہ بس

وہ مسئلے حیات کے جو مسئلے نہیں

ان مسئلوں سے الجھا ہے یوں آدمی کہ بس

پہنچا جہاں بھی لوگ یہ کہتے ہوئے ملے

تہذیب اپنے شہر کی ایسی مٹی کہ بس

دنیا غریب جان کے ہنستی تھی میرؔ پر

اقبالؔ مجھ پہ ایسے یہ دنیا ہنسی کہ بس

ایک اک لمحہ کہ ایک ایک صدی ہو جیسے (غزل)

ایک اک لمحہ کہ ایک ایک صدی ہو جیسے

زندگی کھیل کوئی کھیل رہی ہو جیسے

دل دھڑک اٹھا ہے تنہائی میں یوں بھی اکثر

بیٹھے بیٹھے کوئی آواز سنی ہو جیسے

پھر رہا ہوں میں اٹھائے ہوئے یوں بار حیات

میرے شانے پہ تری زلف پڑی ہو جیسے

دل کا ہر زخم کچھ اس طرح لہک اٹھا ہے

رات بھر یادوں کی پروائی چلی ہو جیسے

آج کی صبح بھی ہے ویسی ہی بوجھل بوجھل

آج کی رات بھی آنکھوں میں کٹی ہو جیسے

جانے کس سوچ میں چپ بیٹھے ہیں یوں دیوانے

برف ہونٹوں پہ بہت دن سے جمی ہو جیسے

دل نے بدلا ہے اس انداز سے پہلو اقبالؔ

پاس ہی دل کے کہیں آگ لگی ہو جیسے

آ باد صبا آ کہ نیا سال مبارک (نظم)

آ باد صبا آ کہ نیا سال مبارک

لا جلد خبر لا کہ نیا سال مبارک

خاموش نہ ہو جائیں کہیں دھڑکنیں دل کی

آواز دئے جا کہ نیا سال مبارک

پھوٹیں تو کسی سمت سے امید کی کرنیں

اے رات کہے جا کہ نیا سال مبارک

کیا خوب ہے اک ہمدم دیرینہ کا ملنا

اور مل کے یہ کہنا کہ نیا سال مبارک

شانوں پہ بکھرنے کی ہوئی ریت پرانی

اے زلف سنور جا کہ نیا سال مبارک

خوابیدہ تمناؤں کو بیدار تو کر لوں

اے وقت ٹھہر جا کہ نیا سال مبارک

دامن ترا خالی ہے تو اے وقت تجھے کیا

تو کہہ کے گزر جا کہ نیا سال مبارک

پیاسوں کے مقدر میں نہ آیا کوئی قطرہ

کہتا رہا دریا کہ نیا سال مبارک

خوبان وطن بھول گئے اب کے برس بھی

اقبالؔ سے کہنا کہ نیا سال مبارک

مزید غزلیں از اقبال عمر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں