پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اقبال طارق کی غزلیں — Iqbal Tariq Ghazals

اقبال طارق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خواہشوں کی کتاب تھے جب تھے (غزل)

خواہشوں کی کتاب تھے جب تھے

زندگی کا نصاب تھے جب تھے

اپنی انگلی پکڑ کے چلتے تھے

خود کو ہم دستیاب تھے جب تھے

طاق ماضی کے یہ اداس دیے

شوق میں آفتاب تھے جب تھے

اپنی آنکھوں میں اب کھٹکتے ہیں

چشم یاراں کا خواب تھے جب تھے

اب میسر کہاں ہیں خود کو بھی

ہاں ترے بے حساب تھے جب تھے

یہ جو آنکھیں بجھی بجھی ہیں ناں

ان میں بھی چند خواب تھے جب تھے

اب جو سوکھے پڑے ہیں قبروں پر

یہ بھی تازہ گلاب تھے جب تھے

مسلسل امتحاں سے تھک چکا ہوں (غزل)

مسلسل امتحاں سے تھک چکا ہوں

میں اب عمر رواں سے تھک چکا ہوں

مجھے اب خاک مرقد میں چھپا دو

کہ جسم ناتواں سے تھک چکا ہوں

کوئی تو آ بسے دل میں مرے بھی

اب اس خالی مکاں سے تھک چکا ہوں

اب اپنی ذات بھی ہے بوجھ مجھ پر

میں اس کوہ گراں سے تھک چکا ہوں

مرا رستہ تو طارقؔ کٹ گیا پر

تمہاری داستاں سے تھک چکا ہوں