پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اقبال صفی پوری کی غزلیں — Iqbal Safipuri Ghazals

اقبال صفی پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر موڑ نئی اک الجھن ہے قدموں کا سنبھلنا مشکل ہے (غزل)

ہر موڑ نئی اک الجھن ہے قدموں کا سنبھلنا مشکل ہے

وہ ساتھ نہ دیں پھر دھوپ تو کیا سائے میں بھی چلنا مشکل ہے

یاران سفر ہیں تیز قدم اے کشمکش دل کیا ہوگا

رکتا ہوں تو بچھڑا جاتا ہوں چلتا ہوں تو چلنا مشکل ہے

اب ہم پہ کھلا یہ راز چمن الجھا کے بہاروں میں دامن

کانٹوں سے نکلنا آساں تھا پھولوں سے نکلنا مشکل ہے

تابانئ حسن عالم ہے گرمئ محبت کے دم سے

پروانے اگر محفل میں نہ ہوں پھر شمع کا جلنا مشکل ہے

ناکامئ قسمت کیا شے ہے کیا چیز شکستہ پائی ہے

دو گام پہ منزل ہے لیکن دو گام بھی چلنا مشکل ہے

یا ہم سے پریشاں خوشبو تھی یا بند ہیں اب کلیوں کی طرح

یا مثل صبا آوارہ تھے یا گھر سے نکلنا مشکل ہے

لکھتے رہے خون دل سے جسے تائید نگاہ دوست میں ہم

اقبالؔ اب اس افسانے کا عنوان بدلنا مشکل ہے

گزر گئی جو چمن پر وہ کوئی کیا جانے (غزل)

گزر گئی جو چمن پر وہ کوئی کیا جانے

جھڑے ہوئے ہیں بہار و خزاں کے افسانے

جہاں پہ چاک گریباں بھی چاک دل بن جائے

گزر رہے ہیں اب ان منزلوں سے دیوانے

مرے لبوں کا تبسم تو سب نے دیکھ لیا

جو دل پہ بیت رہی ہے وہ کوئی کیا جانے

ترے حضور جنہیں کہہ سکی نہ گویائی

مرے سکوت نے دہرا دئے وہ افسانے

نگاہ عشق میں دیر و حرم کی قید نہیں

کہیں بھی شمع جلے اڑ چلیں گے پروانے

تمام وسعت کونین کو ڈبو دیں گے

چھلک گئے جو کہیں اس نظر کے پیمانے

نہ اشتیاق نظارہ نہ اعتبار جمال

ٹھہر گئی ہے کہاں زندگی خدا جانے

نہ شمع بزم پہ کچھ آنچ آئے گی اقبالؔ

خود اپنی آگ میں جلتے رہیں گے پروانے