پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اقبال سیفی کی غزلیں — Iqbal Saifi Ghazals

اقبال سیفی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل کی یہ آرزو ہے صنم بولتے رہو (غزل)

دل کی یہ آرزو ہے صنم بولتے رہو

تم کو ہمارے سر کی قسم بولتے رہو

سنتے رہیں گے دوستو ہم بولتے رہو

آنکھیں کبھی نہ ہوں گی یہ نم بولتے رہو

خاموشیوں نے جنم دئے ہیں نئے ستم

کب تک یہ ظلم اور ستم بولتے رہو

دل زندہ ہے تو دو کوئی اس کا ثبوت بھی

خاموش کیوں ہو اہل قلم بولتے رہو

حق گوئی کی مثال ہے منصور انا الحق

پرواہ نہیں سر ہو قلم بولتے رہو

سیفیؔ ترے اشعار پہ تنقید ہے لازم

تاکہ ہو ترا تیز قلم بولتے رہو

لہو دے کر جلا بخشیں گے اے اردو زباں تجھ کو (غزل)

لہو دے کر جلا بخشیں گے اے اردو زباں تجھ کو

کبھی مٹنے نہیں دیں گے یہ تیرے پاسباں تجھ کو

جہاں کے گوشے گوشے میں یہ تیرے چاہنے والے

سدا محفوظ رکھیں گے سمجھ کر جسم و جاں تجھ کو

ادب کے دائرے میں رہ کے اکثر پیش کرتے ہیں

کہیں شیریں زباں تجھ کو کہیں شعلہ بیاں تجھ کو

تری وسعت کا اندازہ لگا سکتا نہیں کوئی

بجا کہتے ہیں جو کہتے ہیں بحر بیکراں تجھ کو

ترے اشعار سن کر محو حیرت ہیں جہاں والے

اے سیفیؔ راس جب سے آ گئی اردو زباں تجھ کو

مزید غزلیں از اقبال سیفی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں