پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اقبال نوید کی غزلیں — Iqbal Naved Ghazals

اقبال نوید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اگرچہ پار کاغذ کی کبھی کشتی نہیں جاتی (غزل)

اگرچہ پار کاغذ کی کبھی کشتی نہیں جاتی

مگر اپنی یہ مجبوری کہ خوش فہمی نہیں جاتی

خدا جانے گریباں کس کے ہیں اور ہاتھ کس کے ہیں

اندھیرے میں کسی کی شکل پہچانی نہیں جاتی

مری خواہش ہے دنیا کو بھی اپنے ساتھ لے آؤں

بلندی کی طرف لیکن کبھی پستی نہیں جاتی

خیالوں میں ہمیشہ اس غزل کو گنگناتا ہوں

کہ جو کاغذ کے چہرے پر کبھی لکھی نہیں جاتی

وہی رستے وہی رونق وہی ہیں عام سے چہرے

نویدؔ آنکھوں کی لیکن پھر بھی حیرانی نہیں جاتی

رات بھر کوئی نہ دروازہ کھلا (غزل)

رات بھر کوئی نہ دروازہ کھلا

دستکیں دیتی رہی پاگل ہوا

وقت بھی پہچان سے منکر رہا

دھند میں لپٹا رہا یہ آئنا

کوئی بھی خواہش نہ پوری ہو سکی

راستے میں لٹ گیا یہ قافلا

وہ پرندہ ہوں جسے ہوتے ہی شام

بھول جائے اپنے گھر کا راستا

ہم سفر سب اجنبی ہوتے گئے

جیسے جیسے راستہ کٹتا گیا

ہم کنارے آ لگے تھک کر نویدؔ

اور دریا عمر بھر چلتا رہا

مزید غزلیں از اقبال نوید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں