پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اقبال پیام کی غزلیں — Iqbal Payam Ghazals

اقبال پیام کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جس کا چہرہ گلاب جیسا ہے (غزل)

جس کا چہرہ گلاب جیسا ہے

اس کا ملنا تو خواب جیسا ہے

بات کرتا ہوں اس لیے ان کی

بات کرنا ثواب جیسا ہے

میرا جینا تری جدائی میں

اک مسلسل عذاب جیسا ہے

نشہ اس کی نشیلی آنکھوں کا

سب سے اچھی شراب جیسا ہے

حال اس کا بھی آج کل یارو

دل خانہ خراب جیسا ہے

اے پیامؔ ان کی چاہتوں کا پیام

چاہتوں کی کتاب جیسا ہے

اس نے دل سے نکال رکھا ہے (غزل)

اس نے دل سے نکال رکھا ہے

کس مصیبت میں ڈال رکھا ہے

غور سے دیکھ اس کی آنکھوں میں

روشنی کا کمال رکھا ہے

اس سے ہوتی نہیں ملاقاتیں

اس نے وعدوں پہ ٹال رکھا ہے

میرے آنگن میں کیا خوشی آئے

سامنے غم کا جال رکھا ہے

وہ ہمیں پوچھنے نہیں آتا

ہم نے جس کو سنبھال رکھا ہے

اس کی ہم اس ادا پہ ہیں قربان

رابطہ تو بحال رکھا ہے

یہ کسی طور کھل نہیں پاتا

کس نے کس کا خیال رکھا ہے

اس کدورت سے مجھ کو ملتا ہے

جیسے شیشے میں بال رکھا ہے

جس کا اپنا نہیں جواب کوئی

اس کے آگے سوال رکھا ہے

اے پیامؔ اس کی بھی خبر لے لو

کر کے جس نے نڈھال رکھا ہے

مزید غزلیں از اقبال پیام ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں