پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اقبال ندیم کی غزلیں — Iqbal Nadeem Ghazals

اقبال ندیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دیکھ کر اس کو کبھی شاد ہوا کرتے تھے (غزل)

دیکھ کر اس کو کبھی شاد ہوا کرتے تھے

ان دنوں ہم بھی اسے یاد ہوا کرتے تھے

آپ نے یار محبت میں کمائی کر لی

لوگ تو عشق میں برباد ہوا کرتے تھے

اک محبت کی فضا چاروں طرف ہوتی تھی

آسماں زادے زمیں زاد ہوا کرتے تھے

ترے ہوتے ہوئے خاموش سبھی رہتے تھے

سارے ہنگامے ترے بعد ہوا کرتے تھے

ان کی آواز ہی تحریک بنا کرتی تھی

لوگ جب مائل فریاد ہوا کرتے تھے

اب تو ہر حکم پہ ہم سر کو جھکا لیتے ہیں

ہم جو مجموعۂ ازداد ہوا کرتے تھے

وقت بدلے تو پھر انہونی بھی ہو جاتی ہے

آج جو صید ہیں صیاد ہوا کرتے تھے

تلاش کرتی ہے اس کو نظر کئی دن سے (غزل)

تلاش کرتی ہے اس کو نظر کئی دن سے

اکیلا کاٹ رہا ہوں سفر کئی دن سے

نہ جانے کون سی مجبوریوں میں قید ہیں وہ

پرندے لوٹ کے آئے نہ گھر کئی دن سے

مرے خدا یہ کہیں آرزو کی موت نہ ہو

میں اس کے حال سے ہوں بے خبر کئی دن سے

عجیب رت ہے اندھیرے بسے ہیں آنکھوں میں

ہمارے خواب ہیں وحشت اثر کئی دن سے

امیر شہر کو بھی سولیاں سجانی ہیں

مجھے بھی بوجھ سا لگتا ہے سر کئی دن سے

کبھی ندیمؔ جہاں روشنی اترتی تھی

اداس لگتے ہیں وہ بام و در کئی دن سے

مزید غزلیں از اقبال ندیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں