پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اقبال ناظر کی غزلیں — Iqbal Naazir Ghazals

اقبال ناظر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دعائیں اور دعاؤں سے بھری (نظم)

دعائیں اور دعاؤں سے بھری

بے انت تحریریں

مجھے ہر سال کے ان آخری

لمحوں میں ملتی ہیں

میرے احباب کے ناموں میں

اکثر درج ہوتا ہے

خدا محفوظ رکھے

سال بھر مجھ کو بلاؤں سے

مجھے زہر اب میں لپٹی ہوائیں

چھو کے نہ گزریں

مجھے موجود اور آنے والے

سال کے لمحے

مبارک در مبارک ہوں

یہی تحریر میں احباب کو

واپس لٹاتا ہوں

یہی جذبات میرے دوستوں

کے نام ہوتے ہیں

مگر پھر وقت کے ہاتھوں

نہ جانے کیا گزرتی ہے

کہ جو بھی تیر آتا ہے

اسی جانب سے آتا ہے

جہاں سے عطر میں ڈوبا ہوا

پیغام آیا تھا

جہاں سے سال بھر

محفوظ رہنے کا

حسیں ملفوف

میرے نام آیا تھا

مزید غزلیں از اقبال ناظر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں