اقبال متین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
گھر سے باہر نکلے ہوئے تو گھر تک واپس آؤ بھی (غزل)
گھر سے باہر نکلے ہوئے تو گھر تک واپس آؤ بھی
جیون ہی جب گھات میں ہو تو کہیں کہیں رک جاؤ بھی
اس کا کیا ہے وہ تو سب کا تم ہی اکیلے پھرتے ہو
اب تم اپنے اکیلے پن کو اپنا میت بناؤ بھی
آنکھیں نم تھیں اور وہ اکثر نام تمہارا لیتا تھا
جانے والا اب نہ رکے گا آ جاؤ بھی آ جاؤ بھی
تم کو کیسے بھلا سکتا ہے مے خانہ تو تم سے تھا
دیکھو جام و سبو چپ چپ ہیں آؤ ہاتھ بڑھاؤ بھی
کل ہی تو اقبال متیںؔ جس نیم کے نیچے بیٹھا تھا
آج اس کا سایہ بھی نہیں ہے کوئی پیڑ اگاؤ بھی
بہت رونے سے دل کا بوجھ ہلکا ہو گیا آخر (غزل)
بہت رونے سے دل کا بوجھ ہلکا ہو گیا آخر
جو یادوں کے جھروکوں کو بھی شاید دھو گیا آخر
نہ ماتم ہے نہ سناٹا عجب سرگوشیاں سی ہیں
مری چوکھٹ پہ سر رکھ کر وہ لڑکا سو گیا آخر
میں خود اشکوں کے دریاؤں کی پہنائی کا حاصل تھا
مگر وہ ایک قطرہ بار ہستی دھو گیا آخر
مجھے بھیگی ہوئی آنکھوں میں رہنے کا سلیقہ ہے
میں گیلے کاغذوں میں لفظ سارے بو گیا آخر
وہ رستہ جو تری تربت سے ہو کر مجھ تلک آیا
وہ رستہ وقت کی پہنائیوں میں کھو گیا آخر
متینؔ اقبال آنکھیں پونچھ لو تکیہ چھپا رکھو
وہ دیکھو اپنے آنگن میں سویرا ہو گیا آخر