پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اقبال منہاس کی غزلیں — Iqbal Minhas Ghazals

اقبال منہاس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نگر میں رہتے تھے لیکن گھروں سے دور رہے (غزل)

نگر میں رہتے تھے لیکن گھروں سے دور رہے

عجیب لوگ تھے جو دلبروں سے دور رہے

دعائیں مانگتے پھرتے ہیں لوگ گلیوں میں

متاع ہوش ہمارے سروں سے دور رہے

یہ لوگ کیمیا گر ہیں پرکھ نہ لیں ہم کو

یہ بات سوچ کے وہ بے زروں سے دور رہے

متاع درد لٹاتے رہے زمانے میں

ہم اہل درد تھے سوداگروں سے دور رہے

گروں زمین پہ میں ٹوٹ کر ستارا سا

مگر سکون کی خواہش پروں سے دور رہے

نکل کے خود سے شناسائی کی نظر ڈھونڈو

جو لوگ گھر میں رہے دوسروں سے دور رہے

بدن ہے شیشے کے مانند وقت کا اقبال

اسے بتاؤ کہ ہم پتھروں سے دور رہے

نہ کوئی غیر نہ اپنا دکھائی دیتا ہے (غزل)

نہ کوئی غیر نہ اپنا دکھائی دیتا ہے

ہر آدمی مجھے تجھ سا دکھائی دیتا ہے

روش روش ترے قدموں کے نقش ملتے ہیں

گلی گلی ترا چہرا دکھائی دیتا ہے

شب فراق کی تاریکیوں کا حال نہ پوچھ

چراغ ماہ بھی اندھا دکھائی دیتا ہے

عجیب رنگ بہاراں ہے اب کے گلشن میں

نہ کوئی پھول نہ غنچہ دکھائی دیتا ہے

اتر کے دیکھ ذرا پیار کے سمندر میں

کہ موج موج میں رستہ دکھائی دیتا ہے

کہاں کہاں پہ جلاؤں دل و نظر کے چراغ

ہر ایک گھر میں اندھیرا دکھائی دیتا ہے

اسی کا زہر ہے ہاتھوں میں آج تک اقبالؔ

وہ ایک پھول جو پیارا دکھائی دیتا ہے

مزید غزلیں از اقبال منہاس ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں