پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اقبال مجیدی کی غزلیں — Iqbal Majeedi Ghazals

اقبال مجیدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

غبار ظلمت دوراں میں اٹ گیا ہوں میں (غزل)

غبار ظلمت دوراں میں اٹ گیا ہوں میں

وہ چاند ہوں کہ جو محور سے ہٹ گیا ہوں میں

مری نگاہ میں تھی تنگ وسعت کونین

اب اپنی ذات میں لیکن سمٹ گیا ہوں میں

کہاں تلاش کروں جا کے آدمیت کو

مرے کریم قبیلوں میں بٹ گیا ہوں میں

نوید صبح کا خورشید ہے کہاں یا رب

شب حیات کی ظلمت میں اٹ گیا ہوں میں

کبھی نسیم کے جھونکوں سے سانس رکتی ہے

کبھی سموم کے طوفاں میں ڈٹ گیا ہوں میں

قدم قدم پہ یہاں نفرتوں کے جال بچھے

کبھی کبھی رہ منزل سے کٹ گیا ہوں میں

یہ کون میرے تصور میں جلوہ فرما ہے

وفور شوق میں کس سے لپٹ گیا ہوں میں

حریم ناز میں دکھلائی بے رخی کس نے

کہ الٹے پاؤں مجیدیؔ پلٹ گیا ہوں میں

کچھ اعتماد کا لہجہ بھی فکر و فن سے ملا (غزل)

کچھ اعتماد کا لہجہ بھی فکر و فن سے ملا

یہ سلسلہ تو مجھے میرؔ کے سخن سے ملا

بکھر بکھر کے میں سمٹا ہوں ایک مرکز پر

یہ حوصلہ تو مجھے تیرے حسن ظن سے ملا

عجیب طور سے تو نے صدا لگائی تھی

بس ایک کرب مسلسل ترے سخن سے ملا

ترا خیال مجھے دستکیں تو دیتا تھا

ترا پتا مجھے خوشبوئے پیرہن سے ملا

میں بجھ گیا تھا سواد دیار ظلمت میں

چراغ راہ تو امید کی کرن سے ملا

بھٹک رہا تھا مجیدیؔ شب جدائی میں

چراغ زیست مجھے حسن گل بدن سے ملا

مزید غزلیں از اقبال مجیدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں