اقبال ماہر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
رات تاریک راستے خاموش (غزل)
رات تاریک راستے خاموش
منزلوں تک ہیں قمقمے خاموش
آرزوؤں کے ڈھے گئے اہرام
حسرتوں کے ہیں مقبرے خاموش
دل کے اجڑے نگر سے گزرے ہیں
کتنی یادوں کے قافلے خاموش
منتظر تھے جو میری آمد کے
ہیں منڈیروں پہ وہ دئیے خاموش
میرے مستقبل محبت پر
زندگی کے ہیں تجربے خاموش
ذہن آذر ہے خواب گاہ جمود
فکر و فن کے ہیں بت کدے خاموش
اہل فن اہل ادب اہل قلم کہتے رہے (غزل)
اہل فن اہل ادب اہل قلم کہتے رہے
بد زباں کو ہم زبان دان عجم کہتے رہے
جبر و استبداد کو جود و کرم کہتے رہے
صبر و طاعت کو علاج درد و غم کہتے رہے
ہم کو ہر محفل میں تھا آداب محفل کا خیال
احتراماً ہر کسی کو محترم کہتے رہے
چشم پوشی سے ریا کاری کو شہہ ملتی رہی
عیب پوشی کو شرافت کا بھرم کہتے رہے
آبروئے مذہب و ملت بھی رکھنی تھی ضرور
ننگ منبر کو بھی ہم شیخ حرم کہتے رہے
وہ بھی نکلے رہنماؤں کے نقوش کجروی
جن کو راہی راستے کے پیچ و خم کہتے رہے
بارہا دیکھا ہے ماہرؔ ان کو مغموم و ملول
ہم جنہیں پروردۂ ناز و نعم کرتے رہے