پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اقبال خلش کی غزلیں — Iqbal Khalish Ghazals

اقبال خلش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر لفظ ہے نوشتۂ دیوار کی طرح (غزل)

ہر لفظ ہے نوشتۂ دیوار کی طرح

سچ بولتا ہے وہ مرے اشعار کی طرح

ماں ہے عظیم نور کے مینار کی طرح

غصہ تو کر رہی ہے مگر پیار کی طرح

گر سوچئے مہاجر و انصار کی طرح

جذبہ نہیں ہے جذبۂ ایثار کی طرح

دنیا سے پیش آئیے بیزار کی طرح

پیچھے پھرا کرے گی طلب گار کی طرح

خوشبوئے دوستاں تو ہوا پر سوار ہے

چلنا پڑے گا وقت کی رفتار کی طرح

رشتے ہوئے مفاد پرستی میں مبتلا

گھر ہو گیا ہے کوچۂ بازار کی طرح

کاسہ ہے اس امیر کی قسمت میں اے خلشؔ

جھکتا نہیں جو شاخ ثمر دار کی طرح

مآل احتساب یہ کہ ہم بڑے خراب ہیں (غزل)

مآل احتساب یہ کہ ہم بڑے خراب ہیں

کسی پہ طنز کیا کریں کہ خود ہی آب آب ہیں

بصیرتوں کے ارتقا کی انتہا ہے آگہی

مری نظر سے دیکھیے تو خواہشیں سراب ہیں

کسی کا درد دیکھ کر تڑپ گئے تو رو دئیے

شعار درد مند کو بصارتیں عذاب ہیں

بہ اعتبار علم جن کی حیثیت فقیر سی

بہ اعتبار مال و زر وہ صاحب نصاب ہیں

خرد تمام مسئلوں کا حل جنوں سے پوچھتی

جواب ایک چاہئے سوال بے حساب ہیں

ہمارے بعد کسمپرسیٔ غزل کا دور ہے

ہمیں تو خیر چند قارئین دستیاب ہیں