پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اقبال کوثر کی غزلیں — Iqbal Kausar Ghazals

اقبال کوثر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جس طرح لوگ خسارے میں بہت سوچتے ہیں (غزل)

جس طرح لوگ خسارے میں بہت سوچتے ہیں

آج کل ہم ترے بارے میں بہت سوچتے ہیں

کون حالات کی سوچوں کے تموج میں نہیں

ہم بھی بہہ کر اسی دھارے میں بہت سوچتے ہیں

ہنر کوزہ گری نے انہیں بخشی ہے تراش

یا یہ سب نقش تھے گارے میں بہت سوچتے ہیں

دھیان دھرتی کا نکلتا ہی نہیں ہے دل سے

جب سے اترے ہیں ستارے میں بہت سوچتے ہیں

اب محبت میں بھی اقبالؔ ہماری اوقات

کیوں نہیں اپنے گزارے میں بہت سوچتے ہیں

کبھی آئنے سا بھی سوچنا مجھے آ گیا (غزل)

کبھی آئنے سا بھی سوچنا مجھے آ گیا

مرا دل کے بیچ ہی ٹوٹنا مجھے آ گیا

تری پہلی دید کے ساتھ ہی وہ فسوں بھی تھا

تجھے دیکھ کر تجھے دیکھنا مجھے آ گیا

کوئی گہرے نیل سا سحر ہے تری آنکھ میں

یہ وہ جھیل ہے جہاں ڈوبنا مجھے آ گیا

مجھے کیا جو ہو کوئی لے میں شعر میں رنگ میں

مرا دکھ یہ ہے اسے ڈھونڈنا مجھے آ گیا

کہ ادائے یار پہ منحصر مری چال تھی

کہیں جیتنا کہیں ہارنا مجھے آ گیا

جہاں فرط مستی میں کج قدم تھے سمن باراں

کوئی گر رہا تھا تو تھامنا مجھے آ گیا

بڑے کام کی تھی جو گفتگو رہی رو بہ رو

تو نہ جان، پر تجھے جاننا مجھے آ گیا

ہم نے سوچا اب شکستہ گھر مقفل نہیں ہو سکتے (نظم)

ہم نے سوچا اب شکستہ گھر مقفل نہیں ہو سکتے

کواڑوں کے بغیر

اچھے کواڑ اچھی عمارت کے بغیر

ہم نے کچھ کالی تجارت سے کمائی کی

ادھر کچھ جنگلوں کے چور اپنے یار تھے

لکڑی خریدی اور کواڑوں اور کڑیوں میں گھڑی

نقشے بنائے اور دیواریں چنیں ہم نے چھتیں ڈالیں

نئی تعمیر کو ہر رنگ کی ہر آرٹ کی دھج دی

پھر اپنی سوچ اور احساس کی رعنا نظر افروز

تصویروں سے کمروں کو سجا کر آئنے کے سامنے آئے

اور اک فن کار کی نخوت سے بالوں کو بکھیرا

اور چہرے کو بناوٹ دی

یہی چہرہ ہمارے ساتھ سگریٹ پھونکتا

سڑکوں پہ پھرتا ہوٹلوں میں چائے پیتا تھا

زمانے بھر کی گپیں ہانکتا تھا

لیکن اس سچ کی صدا اس میں مقفل تھی جو اس کے عہد کا سچ تھا

وہ گونگا تھا

کواڑوں کی طرح اپنے مکاں میں اپنی تصویر کی صورت ہم مقفل تھے

اور اب جب شہر میں بڑھتے دھماکوں نے

مکاں لرزا دیا ہے توڑ ڈالے ہیں کواڑ اور مسخ کر ڈالی ہیں تصویریں

ہمیں یہ دکھ ہے ہم خود میں مقفل کیوں ہوئے تھے

جبر کی بڑھتی ہوئی میعاد میں

صبر کی شفقت بھری بوڑھی دعائیں کیوں نہیں

ہم نے خود پر کیوں خلا کے فاصلے لمبے کئے

سچ کی خاموشی کے مجرم کیوں بنے

چپ گوارہ کیوں ہوئی

بات گونگے کا اشارہ کیوں ہوئی

ہم اگر لب کھولتے

کچھ دوسرے بھی بولتے

مزید غزلیں از اقبال کوثر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں