اقبال کیفی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بے کسی پر ظلم لا محدود ہے (غزل)
بے کسی پر ظلم لا محدود ہے
مطلع انصاف ابرآلود ہے
وقت کی قیمت ادا کرنے کے بعد
عہد کا فرعون پھر مسجود ہے
ہر طرف زر کی پرستش ہے یہاں
سنتے آئے تھے خدا معبود ہے
چار سو ہے آتش و آہن کا کھیل
اور خلا میں شعلہ و بارود ہے
تابش علم و ہنر ہے بے ثمر
کاوش حسن عمل بے سود ہے
امن کیفیؔ ہو نہیں سکتا کبھی
جب تلک ظلم و ستم موجود ہے
موج بلا میں روز کوئی ڈوبتا رہے (غزل)
موج بلا میں روز کوئی ڈوبتا رہے
ساحل ہر ایک بار مگر دیکھتا رہے
یاروں کی کشتیاں رہیں ساحل سے بے نیاز
طوفاں سے بے نیاز اگر ناخدا رہے
خیرات میں کبھی نہیں مانگیں محبتیں
ہر چند میرے دوست مجھے آزما رہے
جن کو نہیں تھی دولت احساس تک نصیب
تکریم بے نظر میں وہی دیوتا رہے
میں ایسے حسن ظن کو خدا مانتا نہیں
آہوں کے احتجاج سے جو ماورا رہے
مانا کہ ہر طرح ہے تغیر سے بے نیاز
لیکن وہ حال غم سے تو کچھ آشنا رہے
کیفیؔ ضمیر باختہ لوگوں سے کب تلک
خیرات احترام کوئی مانگتا رہے