پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اقبال جہاں قدیر کی غزلیں — Iqbal Jahan Qadeer Ghazals

اقبال جہاں قدیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نظر نظر میں تقاضا ضرور ہوتا ہے (غزل)

نظر نظر میں تقاضا ضرور ہوتا ہے

چھپا ہوا کوئی جذبہ ضرور ہوتا ہے

کبھی وہ سامنے ہوتے کبھی نہیں ہوتے

تصورات میں دھوکا ضرور ہوتا ہے

نہیں کچھ اس کا کسی اہل غم کو اندازہ

کہ بوجھ بڑھنے سے ہلکا ضرور ہوتا ہے

کہیں ذرا بھی بناوٹ نظر نہیں آتی

ترے ستم میں سلیقہ ضرور ہوتا ہے

عجیب شے ہے زمانے میں خون کا رشتہ

کہ غیر ہو کے بھی اپنا ضرور ہوتا ہے

یہ اور بات خلش اس کی دل میں رہ جائے

کوئی بھی زخم ہو اچھا ضرور ہوتا ہے

ڈھلیں گی نور میں اقبالؔ ظلمتیں اک دن

طویل شب کا سویرا ضرور ہوتا ہے

منزل ہو کوئی ذوق سفر اپنی جگہ ہے (غزل)

منزل ہو کوئی ذوق سفر اپنی جگہ ہے

ہم اپنی جگہ راہ گزر اپنی جگہ ہے

یہ بھی تو غنیمت ہے کہ ہم زندہ ہیں اب تک

اس شہر فسادات میں گھر اپنی جگہ ہے

تنقید کا دروازہ بہر حال کھلا ہے

ہر دعوائے ارباب ہنر اپنی جگہ ہے

ہر بزم میں لازم ہی سہی بیٹھنا اٹھنا

اس کا بھی تعین ہو کدھر اپنی جگہ ہے

کیا فیصلہ کر جائے گا اچھے کا برے کا

ہر شخص کا معیار نظر اپنی جگہ ہے

آ جائیں کسی موڑ پہ حالات بشر کے

کچھ بھی سہی احساس مگر اپنی جگہ ہے

ہم اپنی روش کو کبھی اقبالؔ نہ بدلیں

نیکی کا ہے جو اجر مگر اپنی جگہ ہے

مزید غزلیں از اقبال جہاں قدیر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں