اقبال حسین رضوی اقبال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ آ رہے ہیں وہ جا رہے ہیں مرے تصور پہ چھا رہے ہیں (غزل)
وہ آ رہے ہیں وہ جا رہے ہیں مرے تصور پہ چھا رہے ہیں
کبھی ہیں دل میں کبھی جگر میں کبھی نظر میں سما رہے ہیں
جنوں نوازی ہے میری فطرت اسی سے حاصل ہے مجھ کو راحت
جو مجھ سے ہوش و خرد نے چھینا جنوں کے صدقہ وہ پا رہے ہیں
جگر کو روکوں یا دل کو تھاموں الٰہی کس کس کو میں سنبھالوں
مرے تصور کی انجمن میں وہ آج بن ٹھن کے آ رہے ہیں
لگائی دل میں کچھ ایسی تو نے یہ آتش سوزش محبت
بھڑک رہی ہے یہ اتنا پیہم ہم اس کو جتنا بجھا رہے ہیں
یہ راہ الفت کی ٹھوکریں ہیں انہیں نہ منزل سمجھ کے ٹھہرو
قدم بڑھاؤ وہ قافلہ ہے تمہارے ساتھی بلا رہے ہیں
ہیں رہروان رہ محبت نرالی رسمیں نرالی فطرت
جہاں لٹا کاروان الفت وہیں پہ منزل بنا رہے ہیں
نہ ہم کو شعر و سخن سے مطلب نہ عشرت انجمن سے مطلب
کسی کو اقبالؔ داستان غم محبت سنا رہے ہیں
مری نظر سے جو نظریں بچائے بیٹھے ہیں (غزل)
مری نظر سے جو نظریں بچائے بیٹھے ہیں
خبر بھی ہے انہیں کیا گل کھلائے بیٹھے ہیں
ہزار بار جلے جس سے بال و پر اپنے
اسی چراغ سے ہم لو لگائے بیٹھے ہیں
جو شاخ شوخیٔ برق تپاں سے ہے مانوس
اسی پہ آج نشیمن بنائے بیٹھے ہیں
پھر اس کے وعدۂ فردا کا ہو یقیں کیسے
ہزار بار جسے آزمائے بیٹھے ہیں
شب فراق کی ہم تیرگی سے گھبرا کر
چراغ زخم غم دل جلائے بیٹھے ہیں
اسے حجاب کہوں یا کہوں پشیمانی
مرے مزار پہ وہ سر جھکائے بیٹھے ہیں
ہم ایک قطرۂ قلب حزیں میں اے اقبالؔ
غم حیات کے طوفاں چھپائے بیٹھے ہیں