اقبال حیات کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اب اپنی خبر ہے نہ مجھے دھیان ہے اس کا (غزل)
اب اپنی خبر ہے نہ مجھے دھیان ہے اس کا
جو کچھ ہے مری ذات بس احسان ہے اس کا
چپ سادھ لی دونوں نے کہ اس ایک زباں میں
کچھ میرا خسارہ ہے نہ نقصان ہے اس کا
ہیں دونوں جہاں عظمت غالب کے شواہد
اک میڈیا اور ایک جو دیوان ہے اس کا
حیراں ہوں کہ کیا ہے یہ مرا ذہن بھی دل بھی
اک دشت ہے اک خانۂ ویران ہے اس کا
کیا قیمتی شے ہوتی تھی اخلاص کی دولت
اب شہر محبت میں بھی بحران ہے اس کا
وفا کے زعم میں دل کیا نچھاور کر دیا ہم نے (غزل)
وفا کے زعم میں دل کیا نچھاور کر دیا ہم نے
کہ اور اس بے وفا بت کو ستم گر کر دیا ہم نے
کوئی دھرتی کا منہ ان کو دکھا دے جو یہ کہتے ہیں
کہ دھرتی کو ستاروں کے برابر کر دیا ہم نے
بھلا دینے کا کام آساں نہیں ہوتا مگر یہ بھی
کہا تھا تو نے سو تیرے کہے پر کر دیا ہم نے
بتائیں کیا کسی پتھر کو اسباب روانی ہم
دکھائیں کیا کہ دامن کس لیے تر کر دیا ہم نے
اثر ہو یا نہ ہو لفظوں میں یہ بات اور ہے لیکن
قلم کی نوک کو دل کا لہو بھر کر دیا ہم نے
ہماری زندگی کوہ گراں سر کرنے جیسی تھی
سو یہ کوہ گراں بھی ایک دن سر کر دیا ہم نے
زندگانی کے سب سے حسیں باب میں (نظم)
زندگانی کے سب سے حسیں باب میں
جیسے اک خواب میں
تم ملے تھے ہمیں خوشبوؤں کی طرح
اور پھر اڑ گئے جگنوؤں کی طرح
زندگانی کے سب سے حسیں موڑ پر
دل نشیں موڑ پر
تم ملے تھے ہمیں ہم سفر کی طرح
اور پھر چل دئے زخم گر کی طرح
زندگانی کے سب سے حسیں روپ میں
آتشیں دھوپ میں
تم ملے تھے ہمیں سائباں کی طرح
اور بچھڑے تو آزار جاں کی طرح