اقبال خاور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مزاج شہر جو تحریر کرنے نکلے ہیں (غزل)
مزاج شہر جو تحریر کرنے نکلے ہیں
ہم اپنے آپ کو دلگیر کرنے نکلے ہیں
نکل کے خواب سرا سے بجھا کے چشم گماں
خیال و خواب کو تعبیر کرنے نکلے ہیں
سجا کے آنکھ میں وحشت بدن پہ ویرانی
ترے جمال کی تشہیر کرنے نکلے ہیں
جو دن کی بھیڑ میں ہم سے بچھڑ گئی تھی کہیں
اس ایک شام کو تصویر کرنے نکلے ہیں
بہت ہی سادہ ہیں ہم بھی اٹھا کے یاد کوئی
گئے دنوں کو جو زنجیر کرنے نکلے ہیں
لباس عشق سجا کر بدن پہ ہم خاورؔ
طلسم حسن کو تسخیر کرنے نکلے ہیں
گلی گلی تری شہرت نہیں کروں گا میں (غزل)
گلی گلی تری شہرت نہیں کروں گا میں
اب ایسی ہجر میں حالت نہیں کروں گا میں
ہمیشہ کام بگاڑا ہے بے قراری نے
وہ اب ملے گا تو عجلت نہیں کروں گا میں
تو پاس بیٹھ مرے مجھ سے بات کر کوئی
قسم خدا کی شرارت نہیں کروں گا میں
دکھا دیا جو محبت نے آج میرا دل
تو کیا دوبارہ محبت نہیں کروں گا میں
ہوائے شام کی مرضی ہے جس طرح بھی چلے
اب اس سے کوئی شکایت نہیں کروں گا میں