پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اقبال حیدری کی غزلیں — Iqbal Haidri Ghazals

اقبال حیدری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خنجر کی طرح اترے ہے جو بات کرو ہو (غزل)

خنجر کی طرح اترے ہے جو بات کرو ہو

اپنوں پہ یہ تم کیسی عنایات کرو ہو

جب برملا کہنے کی یہاں رسم نہیں ہے

پھر کس لیے تم پرشش حالات کرو ہو

یا کہتے تھے تم کھل کے کہو جو بھی ہے دل میں

یا کہتے ہو تم ہم سے شکایات کرو ہو

یا ہم سے گھڑی بھر کی جدائی تھی قیامت

یا ہم سے گھڑی بھر بھی نہ اب بات کرو ہو

دیکھو کبھی اس کو بھی جو ہے چہروں کے پیچھے

کہنے کو تو تم سب سے ملاقات کرو ہو

ہم دل زدگاں کو بھی تو آ کر کبھی پوچھو

تم سب پہ کرم سب پہ عنایات کرو ہو

اس کوچہ سے گزرو ہو نہ تم اس سے ملو ہو

اس شہر میں کیسے گزر اوقات کرو ہو

تسبیح تھی اس نام کی ہر وقت یا اب تم

اللہ کی دن رات مناجات کرو ہو

ہے ترک تعلق بھی تو یک گونہ تعلق

کیوں اس کی زمانہ سے شکایات کرو ہو

وہ تم سے خفا ہے تو اسے جا کے منا لو

کیوں اور خراب اپنے یہ حالات کرو ہو

اقبالؔ اٹھو کام میں اب جی کو لگاؤ

کس دھیان میں برباد یہ دن رات کرو ہو

گم دھندلکوں میں ہوئی راہ گزر تیرے بعد (غزل)

گم دھندلکوں میں ہوئی راہ گزر تیرے بعد

رک گیا جیسے ستاروں کا سفر تیرے بعد

تاب نظارہ کہاں تھی تری جلوت میں ہمیں

ڈھونڈھتی ہے تری صورت کو نظر تیرے بعد

دیکھتے دیکھتے انداز گلستاں بدلا

پھول تھے پھول شجر تھے نہ شجر تیرے بعد

یوں تو دیکھے تھے بہت روپ جہاں کے ہم نے

وہ بھی اک روپ تھا جو آیا نظر تیرے بعد

آرزو لے کے تری چل تو پڑے تھے گھر سے

اب یہ مشکل ہے کہ ہم جائیں کدھر تیرے بعد

فن کو سولی پہ چڑھایا گیا فن کار کے ساتھ

قریہ قریہ بکی ناموس ہنر تیرے بعد

کس قدر تھا رگ جاں میں تو ہماری پیوست

اس حقیقت کی ہوئی ہم کو خبر تیرے بعد

ہے یہ ظلمت ہی مقدر تو پکاریں کس کو

کس سے معلوم کریں اپنی خبر تیرے بعد

یوں فراغت ہے ہر اک کام سے ہم کو جیسے

ختم ہے سلسلۂ شام و سحر تیرے بعد

رونقیں تجھ سے تھیں ساری سو ترے ساتھ گئیں

شہر کا شہر ہوا ایک کھنڈر تیرے بعد

کاش ہو سکتا کسی طرح تجھے بھی معلوم

حال اقبالؔ کا ہے کتنا دگر تیرے بعد

مزید غزلیں از اقبال حیدری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں