پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اقبال حیدر کی غزلیں — Iqbal Haider Ghazals

اقبال حیدر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جو تیرے درد ہیں وہی سب میرے درد ہیں (غزل)

جو تیرے درد ہیں وہی سب میرے درد ہیں

کہنے کو اپنی اپنی جگہ فرد فرد ہیں

دھندلا گئے ہیں عکس نظر ہے بھنور بھنور

خوابوں میں بھی خیال کے آئینے گرد ہیں

پیشانیوں پہ وقت شکن در شکن نہیں

چہرہ بہ چہرہ لکھے ہوئے دل کے درد ہیں

اک دوسرے کو جان کے پہچانتے نہیں

ہم لوگ سارے ایک قبیلے کے فرد ہیں

بھیگی ہتھیلیوں سے نہ پڑھ کل کی زندگی

گہری ہر اک لکیر سہی ہاتھ سرد ہیں

یہ خشک لب یہ پاؤں کے چھالے یہ سر کی دھول

ہم شہر کی فضا میں بھی صحرا نورد ہیں

اقبالؔ جب سے پھول ہیں گلدان کے اسیر

خوشبو اڑی اڑی سی ہے اور رنگ زرد ہیں

سمندر کے کنارے اک سمندر آدمیوں کا (غزل)

سمندر کے کنارے اک سمندر آدمیوں کا

ہمارے شہر میں رہتا ہے لشکر آدمیوں کا

وہی سینہ فگاری ہے وہی بے اعتباری ہے

بدلتا ہی نہیں ہے یاں مقدر آدمیوں کا

زمیں سے آسماں تک چھا رہی ہے خون کی سرخی

چھپا ہے خیر کے پردے میں بھی شر آدمیوں کا

قیامت سے بہت پہلے قیامت کیوں نہ ہو برپا

جھکا ہے آدمی کے سامنے سر آدمیوں کا

فقط چہرے ہی اب گرد کدورت سے نہیں دھندلے

دلوں کا آئنہ بھی ہے مکدر آدمیوں کا

زمیں یوں ہی رہی گر بے گناہوں کے لہو سے تر

ہوا ہو جائے گا اک دن سمندر آدمیوں کا

سب دریچے بند ہیں تم کچھ کہو (نظم)

سب دریچے بند ہیں تم کچھ کہو

تم سمجھتے ہو گریباں چاک ہوں

میں تو اندوہ سماعت کے جراثیموں سے

بالکل پاک ہوں

نالۂ بیباک ہوں

تم سمجھتے ہو کہ بینائی گئی

بجھ گیا ہر روزن دیوار چپ ہے روشنی

نیم وا ہے تیرگی

یہ شگفت غنچہ لب کی صدا

وہ حسیں قوس قزح رنگیں قبا

دھڑکنوں کا سلسلہ

تم سمجھتے ہو کہ ساری انگلیاں پتھر کی ہیں

کیوں قلم کے خشک ہونٹوں سے

کوئی کاغذ چھوئیں

اسم اعظم کی لکھیں

تم سمجھتے ہو کہ خوابوں میں خیالوں کو لیے

لڑکھڑائیں گے ہمیشہ وصل کی خواہش میں

یوں ہی بن پیے

اپنے ہونٹوں کو سیے

میں سمجھتا ہوں اے میرے چارہ گر

مرگ گل سے پیشتر

اک سیہ شعلہ سا کرتا ہے طواف بوئے‌ جاں

لیکن اے جان جہاں

چھو انگشت شہادت سے کوئی نوک سناں

میں لکھوں گا تیرے چہرے پر وہ انمٹ داستاں

زندگی سچ بول دے

جو سب دریچے کھول دے

مزید غزلیں از اقبال حیدر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں