پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اقبال فردوسی کی غزلیں — Iqbal Firdausi Ghazals

اقبال فردوسی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آئی جدائی ایسی کہ ملنا محال ہے (غزل)

آئی جدائی ایسی کہ ملنا محال ہے

ہم تو ہیں دلی شہر میں وہ نینی تال ہے

سن لو مرے رقیب کا اب کیسا حال ہے

اتنا پٹا تھا مجھ سے ابھی تک نڈھال ہے

آنکھیں نشیلی جس کی قیامت کی چال ہے

اس پر نظر نہ ڈالیو وہ میرا مال ہے

مجھ سے چھڑا لے آج یہ کس کی مجال ہے

چٹکی میں میری جان وفا تیرا گال ہے

ستر برس کی عمر میں شادی ہے آٹھویں

باسی کڑھی میں دیکھیے کیسا ابال ہے

کل بھی ترس رہے تھے چکن اور مٹن کو ہم

کیسا ستم ہے آج بھی کھانے میں دال ہے

مرغا پڑوس کا ہے چھری اس پہ پھیر دو

سمجھو نہ غیر کا اسے اپنا ہی مال ہے

غالبؔ کا اب مکاں ہمیں کچھ کچھ مکاں لگا

اینٹیں نہ بجری اب وہاں لکڑی کی ٹال ہے

بوسے پہ تیرے روٹھ کے اقبالؔ جو گئی

آئے گی وہ دوبارہ ترا کیا خیال ہے

کوچے میں ان کے جانا مانا کہ پر خطر ہے (غزل)

کوچے میں ان کے جانا مانا کہ پر خطر ہے

موسل سے کیوں ڈریں ہم جب اوکھلی میں سر ہے

تقدیر کا ستارہ کتنا عروج پر ہے

نظروں میں ماہ پارہ پہلو میں نیلوفر ہے

تم نے مٹر پلاؤ کیسا بنایا بیگم

چاول تو گل گئے ہیں کچی مگر مٹر ہے

دل میں سما نہ پائے بھاری وجود تیرا

بانہوں میں کیسے آئے موٹی تری کمر ہے

ہر بار ہم نے سوچا اس کو گلے لگائیں

بچ بچ کے بھاگ نکلا چالاک کس قدر ہے

راہ وفا میں اس کو اقبالؔ کیسے پکڑوں

میں پچھلے موڑ پر ہوں وہ اگلے موڑ پر ہے

دوست جو بچھڑے ہوئے اک دن اچانک مل گئے (نظم)

دوست جو بچھڑے ہوئے اک دن اچانک مل گئے

دل تو غمگیں تھے مگر چہرے خوشی سے کھل گئے

شاد تھے دونوں کہ قسمت نے ملایا پھر انہیں

بعد مدت دن مسرت کا دکھایا پھر انہیں

دونوں بیٹھے گفتگو دونوں میں جاری ہو گئی

باتوں باتوں میں اچانک بات ایسی ہو گئی

ایک نے جب دوسرے کی خیریت معلوم کی

بولا وہ حالت بتاؤں کیا دل مغموم کی

آپ کو تو علم ہی ہے میرے دو بیٹے بھی تھے

بس انہیں بیٹوں کا غم ہر لمحہ کھاتا ہے مجھے

سن کے وہ صاحب یہ بولے کیسا غم ہے کیا ہوا

کیوں یہ چہرہ آپ کا ہے اس قدر اترا ہوا

بھیڑ میں دنیا کی کیا دونوں ہی بیٹے کھو گئے

یا خدا نخواستہ اللہ کو پیارے ہو گئے

سن کے وہ بولا کہ ایسی تو نہیں ہے کوئی بات

سانحہ کچھ اور ہی گزرا ہے میری جاں کے ساتھ

پہلا بیٹا کر کے شادی بن گیا ہم پر عذاب

دوسرے نے بن کے شاعر کر لیا خانہ خراب

مزید غزلیں از اقبال فردوسی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں