پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اقبال اعجاز بیگ کی غزلیں — Iqbal Ejaz Baig Ghazals

اقبال اعجاز بیگ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہوا اور روشنی ضروری ہے (غزل)

ہوا اور روشنی ضروری ہے

اس لئے شاعری ضروری ہے

ساتھ چلتی ہیں کچھ ضرورتیں بھی

رہ میں بازار بھی ضروری ہے

بھول جائیں جسے کہیں رکھ کر

چیز اک کام کی ضروری ہے

ڈوبنے والوں کے لئے بھی تو

ایک کشتی بڑی ضروری ہے

اور اک چیز کی کمی ہے ابھی

اور اک چیز بھی ضروری ہے

گھر میں خالی پڑا ہے اک کمرہ

ذرا سی بے گھری ضروری ہے

پر کیا کرتی ہے جگہ خالی

چیز بے کار بھی ضروری ہے

کبھی خالی بھی رکھا کرتا ہوں

سرزنش جیب کی ضروری ہے

چھت نہ ہم پر کوئی گری صاحب (غزل)

چھت نہ ہم پر کوئی گری صاحب

کوئی نعمت ہے بے گھری صاحب

دیکھنے کو کہیں نہیں ہے کچھ

آنکھوں پر گرد جم گئی صاحب

کبھی افسر بھی بننا پڑتا ہے

ایک یہ بھی ہے نوکری صاحب

گھپ اندھیرے میں بھی چلی آئی

روشنی روشنی رہی صاحب

اس میں دیوار کی خطا کیا ہے

گرنے والی تھی گر گئی صاحب

وقت سے آگے جا رہا تھا میں

میں نے دیکھی نہیں گھڑی صاحب

ایک عرصہ پڑی رہی بیکار

تھی جو اک چیز کام کی صاحب

غور سے دیکھتا ہوں آدمی کو

مٹھی بھر خاک رہ گئی صاحب

نظر آئی ہزار چہروں میں

کوئی صورت تھی واجبی صاحب

مزید غزلیں از اقبال اعجاز بیگ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں