پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اقبال فرید میسوری کی غزلیں — Iqbal Farid Maysori Ghazals

اقبال فرید میسوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دوستی پر یقین لا محدود (غزل)

دوستی پر یقین لا محدود

ہو چکا اب وہ سلسلہ محدود

ہم نے جو بھی کہا کہا محدود

سب کو اچھا لگا کہ تھا محدود

شاعری مختصر نویسی ہے

ورنہ لاوا تھا دل میں لا محدود

اس کو دریا میں جا کے ملنا تھا

ایک قطرہ تھا رہ گیا محدود

چاہے جتنا بھی ہو وسیع مگر

پھر بھی ہوتا ہے دائرہ محدود

اپنا اپنا نصیب ہے اے دوست

ورنہ سب کچھ یہاں ہے لا محدود

رہنما جب سے میں بنا اپنا

نہ رہا کوئی راستہ محدود

اس کو کوزے میں بند کر ڈالا

اب تو دریا بھی ہو چکا محدود

دسترس میں فریدؔ تھا سب کی

جانے اب کیوں وہ ہو گیا محدود

کلی جو دل کی کھلی تھی مسل گئی تاریخ (غزل)

کلی جو دل کی کھلی تھی مسل گئی تاریخ

بہار جیسے ہی آئی بدل گئی تاریخ

جو پو پھٹی تو ہمیں ہوش آیا رات گئی

فریب آج بھی دے کر نکل گئی تاریخ

اک اور وعدہ کا شدت سے انتظار کیا

تمہارے وعدہ کی جب بھی بدل گئی تاریخ

بہت غرور تھا ماضی پہ آج تک اس کو

ہماری راہ میں آئی تو جل گئی تاریخ

جہاں بھی ذہن رسا نے قدم اٹھائے ہیں

روایتوں کو یہ بڑھ کر کچل گئی تاریخ

کہانیوں کو حقیقت کا روپ دے ڈالا

فریدؔ آپ کے شعروں میں ڈھل گئی تاریخ

زندگی زندگی زندگی (نظم)

زندگی زندگی زندگی

بے بسی بے بسی بے بسی

زحمتیں ذلتیں ٹھوکریں

رہبری رہبری رہبری

دوستی پیار الفت سبھی

ظاہری ظاہری ظاہری

رات بھر چیختی رہ گئی

خامشی خامشی خامشی

ہاتھ جس کے لگی لگ گئی

شاعری شاعری شاعری

شاعری کے لئے چاہئے

آذری آذری آذری

ہم سمندر ہوئے بھی تو کیا

تشنگی تشنگی تشنگی

کام آؤں تو تیرے کہوں

بندگی بندگی بندگی

میں یہاں ڈھونڈھتا رہ گیا

آدمی آدمی آدمی

گھر وہ اپنا جلا کر کہا

روشنی روشنی روشنی

امن کی شرط ہے اولیں

دوستی دوستی دوستی

میرؔ لب پر ترے کہہ گئے

نازکی نازکی نازکی

اس میں غالبؔ بھی رسوا ہوئے

مےکشی مےکشی مےکشی

تیری آنکھوں پہ میں یہ کہوں

نرگسی نرگسی نرگسی

رند کو اور کیا چاہئے

بے خودی بے خودی بے خودی

چال پہ تیری شرما گئی

مورنی مورنی مورنی

تجھ کو دیکھا تو گہنا گئی

چاندنی چاندنی چاندنی

تیری آواز کی نغمگی

راگنی راگنی راگنی

خوں کے رشتے بھی لگنے لگے

واجبی واجبی واجبی

دیکھ لی ہم نے دنیا تری

مطلبی مطلبی مطلبی

آزمانی نہیں اب مجھے

اب یہی لطف دینے لگی

دشمنی دشمنی دشمنی

اور کب تک رہوں تو بتا

اجنبی اجنبی اجنبی

یہ تو چھٹ جائے گی ایک دن

تیرگی تیرگی تیرگی

چین لینے نہ دے گی فریدؔ

آگہی آگہی آگہی

مزید غزلیں از اقبال فرید میسوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں