پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اقبال بھارتی کی غزلیں — Iqbal Bharti Ghazals

اقبال بھارتی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گردش وقت سے اقبالؔ پریشان نہ ہو (غزل)

گردش وقت سے اقبالؔ پریشان نہ ہو

یہ تباہی بھی گزر جائے گی حیران نہ ہو

صبح لائے گی کسی عیش و طرب کا پیغام

شدت رنج سے اتنا تو پریشان نہ ہو

الجھنیں اور بھی بڑھ جاتی ہیں وقت گردش

جان لینے کی یہی بات ہے انجان نہ ہو

خود گلا گھونٹ کے مر جائیں یقیناً اک دن

ہم کو جینے کا اگر دہر میں ارمان نہ ہو

زندگی اس کی بھلا عیش میں کیا گزرے گی

جس کو دنیا میں کوئی عیش کا سامان نہ ہو

خون سے سینچ کے آباد کیا ہے اس کو

میرے مولا مرا گلشن کبھی ویران نہ ہو

ہے ازل سے یہی دستور محبت اے دوست

شدت غم سے تو اقبالؔ پریشان نہ ہو

درد کا اور میرے دل میں سوا ہو جانا (غزل)

درد کا اور میرے دل میں سوا ہو جانا

اس کا سینے سے مرے لگ کے جدا ہو جانا

عشرت و ناز کی کثرت میں فنا ہو جانا

درد کا حد سے گزرنا ہے دوا ہو جانا

میرے جینے سے اگر کوئی خفا ہوتا ہے

مجھ کو لازم ہے محبت میں فنا ہو جانا

یہ بھی ممکن ہے میں جینے سے خفا ہو جاؤں

ہے بری بات ترا مجھ سے خفا ہو جانا

میری تقدیر میں لکھا تھا یہی اے اقبالؔ

اپنی ناکام محبت میں فنا ہو جانا

مزید غزلیں از اقبال بھارتی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں