اقبال احمد قمر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بات بن جانے کا امکان بھی ہو سکتا ہے (غزل)
بات بن جانے کا امکان بھی ہو سکتا ہے
مسئلہ کہنے سے آسان بھی ہو سکتا ہے
آپ جس بات کو معمولی سمجھ بیٹھے ہیں
کوئی اس بات پہ حیران بھی ہو سکتا ہے
ایک سرگوشی تناور بھی تو ہو سکتی ہے
تیری ہر بات کا اعلان بھی ہو سکتا ہے
گمرہی میں جو مری راہبری کو آیا
خود وہ بھٹکا ہوا انسان بھی ہو سکتا ہے
پیش بندی اسے تم کہتے ہو میری لیکن
بخدا یہ مرا وجدان بھی ہو سکتا ہے
تم نے لفظوں میں جو ٹانکا ہے نگینے کی طرح
وہ کسی اور کا فرمان بھی ہو سکتا ہے
میرے رستے ہی مری تجربہ گاہیں ہیں قمرؔ
گرچہ ان راہوں میں نقصان بھی ہو سکتا ہے
جھلملاتے ہوئے آنکھوں میں ستارے لمحے (غزل)
جھلملاتے ہوئے آنکھوں میں ستارے لمحے
مجھ پہ قدرت نے کچھ ایسے بھی اتارے لمحے
بھول جانا تجھے ممکن تو نہیں ہے لیکن
جا تجھے بخش دئے ساتھ گزارے لمحے
ایک نقطے میں سمٹ کر چلے آئے ہیں سبھی
داستانوں میں تھے پھیلے ہوئے سارے لمحے
ہائے کیا دن تھے جنہیں سوچ کے جی اٹھتے ہیں
سوندھی مٹی کی طرح کورے کنوارے لمحے
آج بھی وجہ سیادت ہیں مرے واسطے وہ
تیری قربت نے جو دو چار سنوارے لمحے
جیسے الہام کی صورت وہ اترنے لگ جائیں
میرے ہی دل پہ قمرؔ سب تھکے ہارے لمحے