پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اقبال انجم کی غزلیں — Iqbal Anjum Ghazals

اقبال انجم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دشت طلب میں کب سے اکیلا کھڑا ہوں میں (غزل)

دشت طلب میں کب سے اکیلا کھڑا ہوں میں

جس کا نہیں جواب کوئی وہ صدا ہوں میں

کس کی تلاش ہے مجھے اپنے وجود میں

وہ کون کھو گیا ہے جسے ڈھونڈھتا ہوں میں

یہ میں نے کب کہا تھا کہ ٹھہرو مرے لیے

دیکھا تو ہوتا مڑ کے کہاں رہ گیا ہوں میں

ہے کس کا انتظار تجھے راہ رفتگاں

تیری حدوں سے دور بہت جا چکا ہوں میں

مدت کے بعد لوٹ کے گھر آ گیا تو ہوں

اب سوچنے لگا ہوں کوئی دوسرا ہوں میں

غم ہو کہ خوشی کوئی تماشا نہیں کرتے (غزل)

غم ہو کہ خوشی کوئی تماشا نہیں کرتے

کچھ لوگ کسی بات کا چرچا نہیں کرتے

بے وجہ تو ہوتی نہیں آنگن کی خموشی

بچوں کو ہر اک بات پہ ٹوکا نہیں کرتے

انسان کی فطرت کا عجب حال ہے یارو

کچھ پیڑ گھنے ہوتے ہیں سایہ نہیں کرتے

اک عمر گنوائی ہے اسی موڑ پہ ہم نے

پل بھر کو مسافر جہاں ٹھہرا نہیں کرتے

ہم تیغ و سپر چھین لیا کرتے ہیں انجمؔ

ظالم سے کبھی ظلم کا شکوہ نہیں کرتے

مزید غزلیں از اقبال انجم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں