اقبال احمد خاں عارف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
انسانیت کے نام کو رسوا نہ کیجئے (غزل)
انسانیت کے نام کو رسوا نہ کیجئے
مت کیجئے برا بھی گر اچھا نہ کیجئے
یہ معجزوں کا دور نہیں ہے مرے حضور
قاتل سے زندگی کی تمنا نہ کیجئے
پردے سے خوبیوں کے دکھیں گی برائیاں
انسان کو قریب سے دیکھا نہ کیجئے
مت ڈھالیے اصولوں کو سانچے میں وقت کے
یوں مصلحت کی آنچ پہ پگھلا نہ کیجئے
خودداریوں کی موت ہے خود آدمی کی موت
دست طلب کو صورت کاسہ نہ کیجئے
دنیا نہ بھول جائے محبت کی داستاں
عارفؔ خدا کے واسطے ایسا نہ کیجئے
سب زر پرست تھے سر بازار بک گئے (غزل)
سب زر پرست تھے سر بازار بک گئے
وہ قیمتیں بڑھیں کہ خریدار بک گئے
اک دوسرے کی حرص نے اندھا بنا دیا
زیبائش مکان میں گھر بار بک گئے
بھڑکی بہ فیض مفلسی جب آتش شکم
دو روٹیوں میں لوگوں کے پندار بک گئے
اچھوں کو اس جہاں میں کوئی پوچھتا نہیں
سب پارسا کھڑے ہیں گنہ گار بک گئے
ہم مفلسوں کے پاس تو بکنے کا ہے جواز
عارفؔ بتاؤ کس لیے زردار بک گئے