اقبال عابدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کام آ گئی ہے گردش دوراں کبھی کبھی (غزل)
کام آ گئی ہے گردش دوراں کبھی کبھی
دیکھی ہے زلف یار پریشاں کبھی کبھی
خون جگر سے آتش سوزاں کو شہہ ملی
خود درد بن کے رہ گیا درماں کبھی کبھی
طوفاں کی ٹھوکروں سے کنارہ کبھی ملا
ساحل سے آ کے لے گیا طوفاں کبھی کبھی
وحشت نے مجھ کو بزم طرب سے اٹھا دیا
نکلا اس انجمن سے پریشاں کبھی کبھی
اکثر خوشی ہی بن گئی ہے دشمن سکوں
غم بن گیا سکوت کا ساماں کبھی کبھی
دست خرد نے مصلحتاً چاک بھی کیا
سی بھی لیا جنوں نے گریباں کبھی کبھی
دیوانوں میں شمار ہوا اس غریب کا
اقبالؔ ہو گیا جو غزل خواں کبھی کبھی
ملے وہ درس مجھ کو زندگی سے (غزل)
ملے وہ درس مجھ کو زندگی سے
کہ اب ڈرنے لگا دل دوستی سے
خرد ہے آخری منزل جنوں کی
پریشاں کیوں ہو میری آگہی سے
تم آئے بھی تو غم کو ساتھ لائے
مرے آنسو نکل آئے خوشی سے
خود اپنا نام لے کر کوستا ہوں
خودی غافل نہیں ہے بے خودی سے
یہ مانا موت بھی آساں نہیں ہے
مگر مشکل نہیں ہے زندگی سے
زمانہ درس حاصل کر رہا ہے
تمہاری اور ہماری زندگی سے
اچٹتی سی نظر اقبالؔ ان کی
کوئی ملتا ہو جیسے اجنبی سے