پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اقبال آذر کی غزلیں — Iqbal Aazar Ghazals

اقبال آذر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حصار جسم کی عزت در و دیوار سے ہے (غزل)

حصار جسم کی عزت در و دیوار سے ہے

دلوں پر حکمرانی تو فقط کردار سے ہے

گلوں کی نازکی دو چار دن تک ساتھ دے گی

ہمیشہ ساتھ دینے کی طلب بس خار سے ہے

فقیری کا شہنشاہی سے کوئی میل کیا ہے

دعاؤں سے یہاں رغبت وہاں تلوار سے ہے

تمہارے جیسا بننے کا نہیں ہے شوق مجھ کو

مری پہچان میرے جبہ و دستار سے ہے

ہم آسائش میں آخر بھول جائیں کیوں برے دن

ہماری جیت کا رشتہ ہماری ہار سے ہے

ہماری سوچ کو دے دے کہیں ٹھہراؤ یارب

ہمارا سامنا پستی سے ہے رفتار سے ہے

ہمیں گوشہ نشینی میں بھی مل جاتی ہے شہرت

ہمارا سلسلہ آذرؔ حرا کے غار سے ہے

حاصل شام و سحر کس کو بتاؤں کیا رہا (غزل)

حاصل شام و سحر کس کو بتاؤں کیا رہا

کون مانے گا کہ دریا میں بھی میں پیاسا رہا

کوئی غم کوئی پریشانی نہ پاس آئی مرے

میرے سر پر جب تلک ماں باپ كا سایہ رہا

کیا شکایت منزل مقصود مل جانے کے بعد

رہبروں كا ساتھ جیسا بھی رہا اچھا رہا

مفلسی میں بھی رہا محفوظ رسوائی سے میں

تیری یادوں کے سہارے عمر بھر تنہا رہا

مشکلوں میں بھی ہمارے حوصلہ ٹوٹے نہیں

آندھیوں میں بھی چراغ فکر و فن جلتا رہا

وسعت کون و مکاں بخشی تھی قدرت نے مجھے

اور میں اک تھا کہ اپنی ذات میں سمٹا رہا

زندگی کیا چیز ہے آزرؔ سمجھ پائے نہ ہم

اس معمے كا خلاصہ ہو کے بھی پردہ رہا

مزید غزلیں از اقبال آذر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں