پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انتظار نعیم کی غزلیں — Intizar Naeem Ghazals

انتظار نعیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جو دشمن ہے اسے یوں بھی سزا ہم لوگ دیتے ہیں (غزل)

جو دشمن ہے اسے یوں بھی سزا ہم لوگ دیتے ہیں

وہ جب جب زخم دیتا ہے دعا ہم لوگ دیتے ہیں

ہماری راہ میں کانٹے بچھانا جس کا شیوہ ہے

وہ ملتا ہے تو پھولوں کی قبا ہم لوگ دیتے ہیں

ہماری راہ کانٹوں سے بھری ہے سوچ کر آؤ

زمانے کو بدلنے کی صدا ہم لوگ دیتے ہیں

کھلا دے ایک دن آ کر یہ مرجھائے ہوئے چہرے

تجھے آواز اے باد صبا ہم لوگ دیتے ہیں

یوں ہی آتی نہیں مقتل میں پس منظر کی تابانی

لہو سے اپنے ہر منظر کھلا ہم لوگ دیتے ہیں

ہمارے خون کو اتنا بھی ارزاں مت سمجھ دنیا

ترے ہاتھوں پہ یہ رنگ حنا ہم لوگ دیتے ہیں

ان آنکھوں میں اگر تھوڑی سی بھی بینائی باقی ہو

تو اپنی شکل دیکھو آئنہ ہم لوگ دیتے ہیں

نعیمؔ اپنے لہو کی چیخ سنتا ہی نہیں کوئی

نہ جانے کس بیاباں میں صدا ہم لوگ دیتے ہیں

اجالوں کے علمبردار رہیے (غزل)

اجالوں کے علمبردار رہیے

بجھے مشعل تو خود تیار رہیے

ہے پنہاں عشق کی توقیر اس میں

گنہ گار صلیب و دار رہیے

یہ سنتی کم سناتی ہے زیادہ

ذرا دیوار سے ہشیار رہیے

سمجھنے میں ہی لگ جائے زمانہ

کچھ ایسے بھی نہ پر اسرار رہیے

ہواؤں کا سفر ہے زندگانی

بکھرنے کے لیے تیار رہیے

مگر جب تک بنے جلیے سلگیے

جہاں تک ہو سکے بیدار رہیے

وہ آئے گا مگر شرط وفا ہے

سراپا انتظار یار رہیے

کر چکے جنگ بہت آؤ یہ جرأت بھی کریں (نظم)

کر چکے جنگ بہت آؤ یہ جرأت بھی کریں

نفرتیں بھول کے کچھ شرح محبت بھی کریں

کون سی جنگ تھی ایسی جسے ہم بھول سکیں

کون سی جنگ تھی دونوں کو نہ آیا ہو زوال

کون سی جنگ تھی انجام نہ تھا جس کا ملال

کب بھلا جنگ ہوئی اور نہ چلیں بندوقیں

کب نہ شہروں پہ ستم توپوں نے کھل کر ڈھائے

کب بھلا گاؤں نہ سنگینوں کی زد پر آئے

جنگ بھڑکی تو یتیموں کی صدائیں گونجیں

چیخ بیواؤں کی اٹھی تو گئی تا بہ فلک

درد میں ڈوب گیا دلی سے لاہور تلک

امن کیا چیز ہے اب بیٹھ کے ہم تم سوچیں

جنگ سے امن ملے یہ کبھی ممکن ہی نہیں

آگ سے آگ بجھے یہ کبھی ممکن ہی نہیں

اب کے ہم ایسے ملیں مسئلے حل کر کے اٹھیں

بد گمانی لیے سرحد پہ رہیں اب نہ کھڑے

فیصلہ کر لیں کہ کشمیر نہیں ہم ہیں بڑے

مزید غزلیں از انتظار نعیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں