پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انتخاب سید کی غزلیں — Intikhab Syed Ghazals

انتخاب سید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اندیشوں کا زہر پیا ہے (غزل)

اندیشوں کا زہر پیا ہے

مشکل سے جینا سیکھا ہے

وقت نے ایسا غم بخشا ہے

صحراؤں میں جی لگتا ہے

دامن دامن خون کے دھبے

آخر کس کا قتل ہوا ہے

آج کلب کے دروازے پر

چپراسی خاموش کھڑا ہے

دیوانوں کی بات نہ مانو

لیکن سن لینے میں کیا ہے

اب تو خود اپنے چہرے پر

غیروں کا دھوکا ہوتا ہے

دھیرے دھیرے جیسے کوئی

میرے وجود کو چاٹ رہا ہے

ہر ایک شخص کے وجدان سے خطاب کرے (غزل)

ہر ایک شخص کے وجدان سے خطاب کرے

نئے لباس کی خواہش نیا بدن ڈھونڈے

سمندروں میں اترتے چلے گئے لیکن

کثافتوں کے جراثیم ساتھ ساتھ رہے

نہ جانے کون غم کائنات سے چھپ کر

مرے وجود میں بیٹھا ہے کنڈلی مارے

شعوری طور پر عرفان ذات کی خاطر

کبھی جو سر کو اٹھایا تو ٹوٹ پھوٹ گئے

تعلقات کی زنجیریں ٹوٹتی ہی نہیں

ہمیں پکار رہے ہیں خلا کے باشندے

مزید غزلیں از انتخاب سید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں