انتخاب عالم سیفی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہر شخص کا مزاج عداوت میں ڈھل گیا (غزل)
ہر شخص کا مزاج عداوت میں ڈھل گیا
تم کیا بدل گئے کہ زمانہ بدل گیا
کوئی سبب ضرور ہے احباب من کہ پھر
ابر بہار بچ کے چمن سے نکل گیا
پھر اپنے راستے سے مسافر بھٹک گئے
پھر گردش زمانہ ترا داؤ چل گیا
بل پڑ گئے جبیں پہ نظر تم نے پھیر لی
کیا ایسا لفظ میری زباں سے نکل گیا
اس چشم التفات کی گرمی نہ پوچھیے
پتھر کا جسم موم کی صورت پگھل گیا
ساحلؔ یہ کوئی کھیل نہیں عشق ہے جناب
گزرا جو اس کے پاس سے ہو کر وہ جل گیا
میں سمندر کے سینے پہ چٹان تھا (غزل)
میں سمندر کے سینے پہ چٹان تھا
جب خدا پر بھروسہ تھا ایمان تھا
کوئی ظالم اسے بھی اٹھا لے گیا
ایک پتھر جو منزل کی پہچان تھا
شکریہ اے زمانے ترا شکریہ
دل فریب محبت سے انجان تھا
آپ کیوں دام اغیار میں آ گئے
آپ کو کیا ہوا میں تو انجان تھا
میری قسمت میں لکھی تھی آوارگی
منزلیں مجھ کو ڈھونڈھیں یہ ارمان تھا
میری کشتی سلامت جو آئی نظر
ناخدا چپ تھا ساحلؔ پریشان تھا