پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انتخاب عالم کی غزلیں — Intikhab Alam Ghazals

انتخاب عالم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہرا بھرا تھا چمن میں شجر اکیلا تھا (غزل)

ہرا بھرا تھا چمن میں شجر اکیلا تھا

شجر پہ برگ بہت تھے ثمر اکیلا تھا

بقائے نور فلک پر بھی ہو گئی مشکل

امڈ رہی تھیں گھٹائیں قمر اکیلا تھا

یہی تو ایک تماشہ پس تماشا تھا

تماش بیں تھے بہت دیدہ ور اکیلا تھا

رفاقتوں سے یہ تنہائی کم نہیں ہوتی

شریک بزم تو تھا میں مگر اکیلا تھا

گناہ عشق کی کیسی سزا ملی ہم کو

کہ سنگ بار زیادہ تھے سر اکیلا تھا

کیا تھا ہم نے سفر ساتھ ساتھ یوں عالمؔ

کہ میں اکیلا مرا ہم سفر اکیلا تھا

بیٹھ جاتا تھا میں تھک کر اپنے تن کی چھاؤں میں (غزل)

بیٹھ جاتا تھا میں تھک کر اپنے تن کی چھاؤں میں

ایک گھر ہوتا تھا اپنے نام کا اس گاؤں میں

قطرے قطرے کو ترستا ہی رہا میں عمر بھر

گو سفر کرتا رہا میں عمر بھر دریاؤں میں

مر کے جیتا تھا کبھی میں جی کے مرتا تھا کبھی

خوش نصیبی تھی سفر کرتا تھا دو دنیاؤں میں

دیکھتی آنکھوں سے ہم چپ چاپ سنتے ہی رہے

گفتگو جاری تھی رنگ گل پہ نا بیناؤں میں

شہر میں رہتے ہوئے تنہائی کا یہ حال تھا

میں گھرا رہتا تھا جیسے بے کراں صحراؤں میں

جس شجر کو کاٹ کر اس نے ہٹایا راہ سے

رہ چکا تھا وہ شجر اس کے کرم فرماؤں میں

خواب میں عالمؔ نے اوج عرش تک پرواز کی

اور جاگے تو وہی چکر تھا اپنے پاؤں میں

چاند نے جب رات کو (نظم)

چاند نے جب رات کو

آسمان کے اوج سے

ارض پر ڈالی نظر

تو اسے تاریکیوں میں غرق دنیا پر ترس آیا بہت

اور اس نے ارض پر کچھ توڑ لانے کا ارادہ کر لیا

جب وہ اترا آسماں سے

تو مقدر نے اسے لٹکا دیا

اک صلیب نخل پر

اور دنیا سو رہی تھی رات کی آغوش میں

چاند کا کیا حال ہے

پوچھتا کوئی نہیں

مزید غزلیں از انتخاب عالم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں