اندر جیت نردوش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کبھی انکار ہوتا ہے کبھی اقرار ہوتا ہے (غزل)
کبھی انکار ہوتا ہے کبھی اقرار ہوتا ہے
یہی ہیں عشق کی رسمیں یہی تو پیار ہوتا ہے
تیرے آنے کی باتیں دل کے بہلانے کی باتیں ہیں
بڑی مشکل سے قسمت میں وصال یار ہوتا ہے
یہ نازک چیز ہے دل آپ اس سے کھیل نہ کھیلیں
دلوں کے کھیل پورے کھیلنا دشوار ہوتا ہے
بہت مشکل ہے منزل تک پہنچ پانا محبت میں
کہ راہ عشق پر تو ہر کوئی لاچار ہوتا ہے
سر مو بے رخی سے بھی نہ میرے دل کو تم چھیڑو
بڑا نازک رباب دل کا ہر اک تار ہوتا ہے
کئے بیٹھے رہے سر خم کہ اس ظالم کی محفل میں
نگاہوں کو اٹھا سکنا بہت دشوار ہوتا ہے
کرو ارمان اتنے ہی کہ جو نردوشؔ پورے ہوں
نہ پوری ہو اگر خواہش تو دل بیزار ہوتا ہے
ترے خیال سے بڑھ کر خیال کیا ہوگا (غزل)
ترے خیال سے بڑھ کر خیال کیا ہوگا
تو جس کے دل میں ہے اس کو ملال کیا ہوگا
بھلا دیا تھا جہاں بھر کو تیری قربت میں
کبھی نہ سوچا کہ فرقت میں حال کیا ہوگا
خدا کے وصل سے ناصح نہیں غرض ہم کو
وصال یار سے بڑھ کر وصال کیا ہوگا
نگاہ حسن سے عہد وفا جو ظاہر ہے
تو کہیے عشق کے لب پر سوال کیا ہوگا
بلا کا حسن ہے حوروں پہ شیخ جی لیکن
جمال یار سے بڑھ کر جمال کیا ہوگا
چھلک پڑے ہیں کئی جام تیرے آنے پر
تو بے نقاب ہو ساقی تو حال کیا ہوگا
تصورات ارم خوب ہیں مگر نردوشؔ
دیار یار سے بڑھ کر کمال کیا ہوگا