پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اندر سروپ دت نادان کی غزلیں — Inder Sauroop Datt Nadan Ghazals

اندر سروپ دت نادان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جس قدر بھی زہر دل میں تھا زباں پر آ گیا (غزل)

جس قدر بھی زہر دل میں تھا زباں پر آ گیا

اس کے لب کھلتے ہی گویا سانپ سا لہرا گیا

رات جو ہم نے سنی تھی وہ تری آواز تھی

صبح لیکن اپنی خوش فہمی پہ رونا آ گیا

اب یہ افسردہ دھندلکے اوڑھ کر سو جائیے

اب تو وعدوں کے جہاں کا چاند بھی گہنا گیا

جانے مایوسی کی کس منزل میں تھے اہل یقیں

پیر کا دھاگا بھی ان کو روشنی دکھلا گیا

دیکھیے ٹکتی ہیں کب تک یہ پرانی کھڑکیاں

آج سڑکوں کا تمدن ان کا دل دہلا گیا

آؤ ناداںؔ آج اس ناسور کا ماتم کریں

جو خراج زندگی لے کر بھی ہم کو کھا گیا

مجرم ہیں اگر ہم نے ترا نام لیا ہے (غزل)

مجرم ہیں اگر ہم نے ترا نام لیا ہے

ہم نے تو فقط شکوۂ حالات کیا ہے

یہ زخم یہ چیخیں یہ برستی ہوئی آنکھیں

وہ کیسا مسیحا ہے جو یوں جلوہ نما ہے

وہ لوگ ہیں کیوں پیاس کی تہذیب کے خالق

دریاؤں کا تحفہ جنہیں ورثے میں ملا ہے

اے کشتیٔ زرکار میں بیٹھے ہوئے لوگو

اس سمت بھی دیکھو تو کوئی ڈوب رہا ہے

اس شخص کے دل میں ہے نہاں کون سا طوفاں

آواز کے موسم میں جو چپ چاپ کھڑا ہے

کچھ تو ہی بتا اے شب ہجراں کی سیاہی

نکلا نہیں خورشید کہ پھر ڈوب گیا ہے

کس آس پہ پوجے گا بتوں کو کوئی ناداںؔ

اس دور نے ہر بت کا بھرم توڑ دیا ہے

مزید غزلیں از اندر سروپ دت نادان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں