پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عنایت امین کی غزلیں — Inayat Ameen Ghazals

عنایت امین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دلاسہ دینے نیکی کے فرشتے روز آتے ہیں (غزل)

دلاسہ دینے نیکی کے فرشتے روز آتے ہیں

مری ٹوٹی ہوئی چھت پر پرندے روز آتے ہیں

مری مجبوریوں نے باندھ رکھا ہے مجھے ورنہ

مرے بچوں کے سپنوں میں کھلونے روز آتے ہیں

تلاش رزق میں اکثر سیانے گاؤں کے لڑکے

ہمارے شہر میں رکشا چلانے روز آتے ہیں

طواف عشق کا ارمان لے کر آسمانوں سے

ہمارے کعبۂ دل میں فرشتے روز آتے ہیں

ہمارے گاؤں کے سرپنچ کو فرصت نہیں ملتی

یہاں ہر پل میاں بیوی کے جھگڑے روز آتے ہیں

اسے سمان میں سمجھوں یا پھر اپمان جیون کا

مری راہوں میں بربادی کے کانٹے روز آتے ہیں

امینؔ آواز دیتا ہے کوئی مجذوب گلیوں میں

مسلمانوں کی بستی میں فرشتے روز آتے ہیں

کر کے خیرات گناہوں کو چھپاتا کیا ہے (غزل)

کر کے خیرات گناہوں کو چھپاتا کیا ہے

رنگ سونے کا تو پیتل پہ چڑھاتا کیا ہے

پاپ تو رنگ نہیں ہے جو دھلے گا ناداں

بہتی گنگا کے کنارے پہ نہاتا کیا ہے

یہ الگ بات ہے سینے سے لگایا ہم نے

بے وفائی کے سوا آپ کو آتا کیا ہے

دل میں بھکتی ہو تو حالات سنور سکتے ہیں

پھول مالا کسی دیوی پہ چڑھاتا کیا ہے

اس زمانے کا مفکر ہوں ادب کر میرا

ڈگریاں لے کے مجھے آنکھ دکھاتا کیا ہے

گر ترا پیار ہے سچا تو بغاوت کر دے

اس کی تصویر کو کمرے میں سجاتا کیا ہے

ہار یا جیت یقینی ہے محبت میں امینؔ

ایک پاگل کی طرح اشک بہاتا کیا ہے

مزید غزلیں از عنایت امین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں