پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عنایت اللہ خان سوز کی غزلیں — Inayatullah Khan Soz Ghazals

عنایت اللہ خان سوز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں ایک اکیلا ہوں لیکن ظالم کا زمانہ ساتھی ہے (غزل)

میں ایک اکیلا ہوں لیکن ظالم کا زمانہ ساتھی ہے

وہ ظلم کرے میں ظلم سہوں یہ رسم ابھی تک باقی ہے

جب خون جگر جم جاتا ہے دامن پہ اندھیروں کے جا کر

تب رات کے پردے جلتے ہیں تب جا کے سحر ہو پاتی ہے

ساون ہو کہ پت جھڑ ہو یارو کچھ فرق نہیں ہے اپنے لیے

ہر رت جو بدل کر آتی ہے وہ غم کے تحائف لاتی ہے

دنیا میں ہمیں اکثر یارب اپنی یہ حیات فانی ہی

دوزخ کے بھیانک منظر بھی لا لا کے یہاں دکھلاتی ہے

وہ کھلتے رہیں کلیوں کی طرح وہ ہنستے رہیں پھولوں کی طرح

اے سوزؔ ہمیں جینے کے لئے یہ زخم جگر ہی کافی ہے

وفا کی لاج ہوں میں پیار کا سمندر ہوں (غزل)

وفا کی لاج ہوں میں پیار کا سمندر ہوں

یہ تجھ سے کس نے کہا راستے کا پتھر ہوں

دلوں پہ جن کے شجاعت کا نقش ہے میری

وہ اعتراف کریں گے کہ میں سکندر ہوں

بہار ڈھونڈھتی پھرتی ہے جس کو عالم میں

اہالیان چمن میں وہی تو منظر ہوں

پڑا ہوا ہوں ابھی پتھروں کے بیچ مگر

مجھے بھی دیکھ زمانے کہ میں بھی گوہر ہوں

وہ آج ڈھونڈ رہا ہے ادھر ادھر مجھ کو

اسے خبر ہی نہیں میں زمیں کے اندر ہوں

یہ غم تو سوزؔ کا دامن پکڑ کے کہتا ہے

تو مجھ سے دور نہ جا میں ترا مقدر ہوں

مزید غزلیں از عنایت اللہ خان سوز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں