پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انعام ندیمؔ کی غزلیں — Inam Nadeem Ghazals

انعام ندیمؔ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل پر کسی پتھر کا نشاں یوں ہی رہے گا (غزل)

دل پر کسی پتھر کا نشاں یوں ہی رہے گا

تا عمر یہ شیشے کا مکاں یوں ہی رہے گا

ہم ٹھہرے رہیں گے کسی تعبیر کو تھامے

آنکھوں میں کوئی خواب رواں یوں ہی رہے گا

ہے دھند میں ڈوبا ہوا اس شہر کا منظر

کیا جانئے کب تک یہ سماں یوں ہی رہے گا

کچھ دیر رہے گی ابھی بازار کی رونق

کچھ دیر یہ ہونے کا گماں یوں ہی رہے گا

بجھ جائے گا اک روز تری یاد کا شعلہ

لیکن مرے سینے میں دھواں یوں ہی رہے گا

لو دے تو رہا ہے مرے خوابوں کے افق پر

لیکن یہ ستارہ بھی کہاں یوں ہی رہے گا

راستے جس طرف بلاتے ہیں (غزل)

راستے جس طرف بلاتے ہیں

ہم اسی سمت چلتے جاتے ہیں

روز جاتے ہیں اپنے خوابوں تک

روز چپ چاپ لوٹ آتے ہیں

اڑتے پھرتے ہیں جو خس و خاشاک

یہ کوئی داستاں سناتے ہیں

یہ محبت بھی ایک نیکی ہے

اس کو دریا میں ڈال آتے ہیں

یاد کے اس کھنڈر میں اکثر ہم

اپنے دل کا سراغ پاتے ہیں

شام سے جل رہے ہیں بے مصرف

ان چراغوں کو اب بجھاتے ہیں

مزید غزلیں از انعام ندیمؔ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں